عامر خان نے سوشل میڈیا چھوڑ کر شیدائیوں کو دیا جھٹکا، پھر سنائی اچھی خبر

بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے ’’یہ دیکھتے ہوئے کہ میں ’بہت‘ ایکٹیو ہوں، میں نے فیصلہ لیا ہے کہ یہ دکھاوا بند کر دوں۔ ہم ویسے باتیں کرنا جاری رکھیں گے جیسے پہلے کرتے تھے۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان اپنے کام کو لے کر کتنے سنجیدہ ہیں یہ تو ہر کوئی جانتا ہے، لیکن آج اپنے انسٹاگرام پر جو پوسٹ انھوں نے ڈالا وہ کسی جھٹکے سے کم نہیں ہے۔ دراصل بالی ووڈ اداکار عامر خان نے کام کی مصروفیت کی وجہ سے سوشل میڈیا کو ہی الوداع کہہ دیا ہے۔ یہ خبر ان کے شیدائیوں کے لیے حیرت انگیز بھی ہے اور مایوس کن بھی۔ لیکن سکون والی بات یہ ہے کہ عامر خان نے اس بری خبر کے ساتھ ہی ایک اچھی خبر بھی سنائی ہے۔ اور وہ خبر یہ ہے کہ عامر خان کے پروڈکشن نے اپنا آفیشیل چینل شروع کیا ہے جس پر عامر خان کی فلموں کے تعلق سے اَپ ڈیٹ دی جاتی رہے گی۔

جہاں تک عامر خان کے آخری سوشل میڈیا پوسٹ کی بات ہے، تو انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا ہے ’’میرے برتھ ڈے پر پیار اور گرم جوشی کے لیے بہت شکریہ۔ میرا دل بھر آیا۔ دوسری خبر یہ ہے کہ یہ سوشل میڈیا پر میرا آخری پوسٹ ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ میں ’بہت‘ ایکٹیو ہوں، میں نے فیصلہ لیا ہے کہ یہ دکھاوا بند کر دوں۔ ہم ویسے باتیں کرنا جاری رکھیں گے جیسے پہلے کرتے تھے۔ ساتھ ہی اے کے پی نے اپنا آفیشیل چینل بنایا ہے۔ اس لیے مستقبل میں مجھ سے اور میری فلموں سے جڑے اَپ ڈیٹس وہاں دیکھے جا سکتے ہیں۔‘‘

دراصل عامر خان کی یوم پیدائش 14 مارچ کو تھی، اور اس کے ایک ہی دن بعد یعنی 15 مارچ کو عامر خان نے نیک خواہشات کے لیے اپنے شیدائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا کو الوداع کہنے کا اعلان کر دیا۔ اب عامر خان کے شیدائی بڑی تعداد میں عامر خان پروڈکشن کے چینل کو فالو کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی اَپ ڈیٹ سے وہ محروم نہ رہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔