'تاریخ پہ تاریخ' والی فلم کو 32 سال مکمل، سنی دیول نے کہا- ’دامنی‘ کا حصہ بننا فخر کی بات ہے

سنی دیول کی فلم ’دامنی‘ کو ریلیز کے 32 سال مکمل ہو گئے۔ سنی اور میناکشی شیشادری نے جذبات کا اظہار کیا۔ فلم نے بولڈ موضوع، مضبوط اداکاری اور 4 زبانوں میں ری میک کے باعث شہرت پائی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ’تاریخ پہ تاریخ... لیکن انصاف نہیں ملتا‘ — سنی دیول کا یہ ڈائیلاگ آج بھی فلمی شائقین کے ذہن میں تازہ ہے۔ سنی دیول، میناکشی شیشادری اور رشی کپور کی فلم ’دامنی‘ کو ریلیز ہوئے 32 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر سنی دیول اور میناکشی شیشادری نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

30 اپریل 1993 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایتکاری راج کمار سنتوشی نے کی تھی۔ فلم نے گینگ ریپ جیسے حساس موضوع پر مضبوط پیغام دیا۔ ٹائٹل رول میناکشی شیشادری نے ادا کیا، جب کہ سنی دیول نے ایک وکیل کا کردار نبھایا جو انصاف کے لیے لڑتا ہے۔ اگرچہ وہ معاون اداکار تھے لیکن سب سے زیادہ مقبولیت انہیں ہی ملی۔


سنی دیول نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’ایک ایسی فلم جو الفاظ سے زیادہ گونجتی ہے — دامنی آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہے۔ انصاف، سچائی اور حوصلے کی علامت بننے والی کہانی کا حصہ بننا میرے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘

اداکارہ میناکشی شیشادری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’دامنی کو 32 سال مکمل ہو گئے اور یہ آج بھی معنی خیز ہے۔‘‘

فلم میں سنی دیول، میناکشی شیشادری، رشی کپور اور امریش پوری نے اہم کردار ادا کیے۔ محض 2 کروڑ روپے میں بنی اس فلم نے تقریباً 11 کروڑ کی کمائی کی اور شائقین کے ساتھ ناقدین سے بھی خوب داد سمیٹی۔

فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا چار زبانوں — تلگو، تمل، اوڑیا اور بنگلہ دیشی ورژن — میں ری میک کیا گیا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے آغاز میں میناکشی شیشادری کو کاسٹ کرنا یقینی نہیں تھا۔ سنی دیول چاہتے تھے کہ ڈمپل کپاڈیہ کو لیا جائے، جبکہ رشی کپور کی خواہش تھی کہ یہ کردار سری دیوی نبھائیں۔ تاہم، آخرکار میناکشی کا انتخاب ہوا۔ اس سے قبل مادھوری دکشت کو بھی فلم کی پیش کش کی گئی تھی، لیکن مصروفیات کے باعث انہوں نے معذرت کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔