فلم ’گیم چینجر‘ کے پری-ریلیز ایونٹ سے واپس آ رہے 2 مداحوں کی سڑک حادثے میں موت، مالی مدد کے لیے آگے آئے پروڈیوسر
ساؤتھ سپر اسٹار رام چرن اور بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی کی فلم ’گیم چینجر‘ 10 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم کو لے کر مداحوں میں کافی خوشی دیکھی جا رہی ہے۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
ساؤتھ سپر اسٹار رام چرن اور بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی کی فلم ’گیم چینجر‘ کے پری-ریلیز ایونٹ سے واپس آ رہے 2 نوجوانوں کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ یہ فلم 10 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم کو لے کر مداحوں میں کافی خوشی دیکھی جا رہی ہے۔ واضح ہو کہ 4 جنوری کو فلم ’گیم چینجر‘ کے پری-ریلیز ایونٹ کا انعقاد راجہ مہندرا ورم میں کیا گیا تھا جس میں بشمول آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کے کافی لوگ شامل ہوئے تھے۔ دریں اثنا ایونٹ میں شامل ہو کر واپس آتے وقت سڑک حادثے میں 2 مداحوں کی موت ہو گئی۔ دونوں کی پہچان کاکیناڈا ضلع کے 23 سالہ کے اراوا منی کنٹھا اور 22 سالہ ٹوکڑا چرن کے طور پر ہوئی ہے۔
اپنی آنے والی فلم ’گیم چینجر‘ کے پرموشن میں مصروف پروڈیوسر راجو کو جب حادثے کا علم ہوا تو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں اس بات کی بھی جانکاری دی کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ کو 5-5 لالکھ روپے کی مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’فلم ’گیم چینجر‘ کا پری-ریلیز ایونٹ کافی شاندار تھا۔ ایسے وقت میں جب ہم اس بات سے خوش ہیں، یہ بہت افسوسناک ہے کہ ایونٹ سے واپسی کے دوران ایک حادثے میں 2 مداحوں کی موت ہو گئی۔ میں ان کے اہل خانہ کی مدد کروں گا۔ میں اپنی جانب سے ان کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کر رہا ہوں۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ ایسے حادثے ہونے پر اہل خانہ کو کس قدر تکلیف ہوتی ہے۔ میں ان کے تئیں اپنی گہری تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں نوجوان فلم ’گیم چینجر‘ کے پری- ریلیز ایونٹ سے واپس آ رہے تھے اسی وقت سامنے سے آ رہی ایک گاڑی نے زور دار ٹکر مار دی۔ دونوں نوجوانوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن اسی رات دونوں کی موت ہو گئی۔ فی الحال پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایونٹ میں شامل آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان نے بھی متاثرین کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی بات کہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔