جنگِ 1962 پر مبنی فلم ’120 بہادر‘ ریلیز؛ فرح خان، کاجول اور رندیپ ہڈا نے ٹیم کو دی مبارکباد

فلم ’120 بہادر‘ جمعہ کو ریلیز ہوئی، فرح خان، کاجول اور رندیپ ہڈا نے فرحان اختر اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ 1962 کی ہندوستان-چین جنگ پر بنی فلم شروع سے ہی عوام اور سوشل میڈیا پر چرچا میں ہے

<div class="paragraphs"><p>120 بہادر کا پوسٹر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: فرحان اختر کی نئی فلم ’120 بہادر‘ بالآخر جمعہ کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے، جس کے بعد فلمی دنیا سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ فلم کی پری اسکریننگ گزشتہ رات ہی کی گئی، تاہم اصل امتحان آج سے شروع ہوا ہے، جب عام ناظرین اسے دیکھنے سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔

فلم کی ریلیز کے موقع پر معروف ڈائریکٹر اور کوریوگرافر فرح خان نے فرحان اختر اور پوری ٹیم کے لیے خصوصی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’120 بہادر آج سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے، فلم کی کامیابی کی دل سے دعا کرتی ہوں۔ ناظرین ضرور جا کر یہ کہانی دیکھیں اور اس قابلِ فخر فلم کو اپنا بھرپور پیار دیں۔‘‘

فرح خان کے ساتھ ساتھ اداکارہ کاجول نے بھی انسٹا اسٹوری کے ذریعے فلم کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا، ’’سچی کہانیوں کو پردے پر لانا ہمیشہ اہم ہوتا ہے۔ پوری ٹیم کو اس فلم کے لیے دل سے مبارک باد دیتی ہوں۔‘‘

ادھر اداکار رندیپ ہڈا نے بھی ریلیز سے ایک دن قبل فلم کی تعریف میں ایک تفصیلی پوسٹ لکھا تھا۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا، “کیا شاندار کہانی ہے اور کس خوبصورتی سے بیان کی گئی ہے! باندھ، قربانی اور بہادری کی ایک بے حد متاثر کن فلم۔ فرحان اختر اور تمام فنکاروں کو سلام۔ ‘دادا کشن کی جے۔۔۔’ پوری ٹیم قابلِ مبارکباد ہے۔”


’120 بہادر‘ 1962 کی ہندوستان-چین جنگ کے مشہور ریزانگ لا معرکے پر مبنی ہے، جس میں 13ویں کُماؤں رجمنٹ کے بہادر جوانوں نے شدید برفانی حالات میں 3000 سے زائد چینی فوجیوں کا مقابلہ کیا تھا۔ سرد موسم کا حال یہ تھا کہ ہندوستانی فوج کے ہتھیار منفی 24 ڈگری میں جم گئے تھے، مگر اس کے باوجود جوانوں نے آخری سانس تک اپنی پوسٹ کا دفاع کیا۔

تاریخی ریکارڈز کے مطابق لڑائی میں 120 میں سے 114 ہندوستانی جوان شہید ہوئے لیکن انہوں نے چینی فوج کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ اس معرکے میں ہندوستانی جوانوں نے دشمن کے ایک ہزار سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک کیا تھا، باوجود اس کے کہ چینی فوج جدید اسلحے سے لیس تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔