اسرائیلی مظالم میں امریکہ برابر کا شریک: ایرانی صدر

ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل وحشیانہ حملوں سے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، غزہ کے عوام 20 سال سے جیل کی طرح زندگی گزار رہے ہیں، یہ لوگ عالم اسلام کے ہیرو ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ریاض میں او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے تمام جنگی جرائم کی حمایت کررہا ہے، بچوں اور خواتین کے قتل عام میں امریکا نے اسرائیل کی مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ کا یہ فیصلہ کن وقت ہے، ہمیں غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ آج مسجد الاقصیٰ کے محافظوں کی مدد کا دن ہے، دنیا بھر میں مظاہرے فلسطینی عوام سے محبت کا مظہر ہیں، ایران اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔


ابراہیم رئیسی نے کہا کہ غزہ کے ہیروز کو ہمیشہ کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ غزہ میں معصوم لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، اسرائیلی حملوں میں گزہ میں 11 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل اسپتالوں، اسکولوں کو وحشیانہ طریقے سے نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ ڈاکٹر، بچے اور خواتین ہیں بتایا جائے کہ شہید ہونے والے بچوں کا کیا قصور ہے۔

ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل وحشیانہ حملوں سے فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، غزہ کے عوام 20 سال سے جیل کی طرح زندگی گزار رہے ہیں، یہ لوگ عالم اسلام کے ہیرو ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف مسلم ممالک اتحاد کا مظاہرہ کریں، ہمیں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مقابلہ کرنا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔