یواے ای: کورونا کیسز میں نمایاں اضافہ، حکومت کی احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کی ہدایت

اماراتی حکومت نے شہریوں اور مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں

تصویر بشکریہ گلف نیوز
تصویر بشکریہ گلف نیوز
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور جمعرات کو 930 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ حکومت نے اماراتی شہریوں اور مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

یو اے ای میں اب کووِڈ-19 کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 76911 ہوگئی ہے۔حالیہ دنوں میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے مزید پانچ مریض وفات پا گئے ہیں۔اب تک ملک میں 398 مریض وفات پا چکے ہیں۔

اماراتی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ گذشتہ دو ہفتے میں ریکارڈ کیے گئے مریضوں میں 12 فی صد وہ شہری اور مکین ہیں، جو بیرون ملک سے حال ہی میں لوٹے ہیں۔ان کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج کے ثبوت بھی تھے لیکن وہ یو اے ای میں آمد کے بعد 14 روز تک گھروں میں قرنطین میں رہنے سے متعلق ہدایات کی پاسداری میں ناکام رہے ہیں۔

یو اے ای میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کووِڈ-19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس عرصے میں تشخیص شدہ 88 فی صد کیس ان افراد کے ہیں جو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے پروٹول اور پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری میں ناکام رہے ہیں۔


ترجمان کا کہنا ہے کہ کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے بیشتر افراد نے شادی کی تقریبات میں شرکت کی ہے، وہ بڑے بڑے اجتماعات اور جنازوں میں شریک ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ،ان کے بہ قول بعض مالز اور دکانوں پر حکومت کے مقرر کردہ پروٹوکولز کا نفاذ نہیں کیا جارہا ہے۔

حکومت نے ہرکسی پر زوردیا ہے کہ وہ کووِڈ-19 سے بچنے کے لیے قواعد وضوابط کی پاسداری کرے۔اس نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگوں نے ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کردہ قواعد وضوابط کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا۔

یو اے ای میں حالیہ دنوں میں یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اس خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ ملک میں اس وقت کووِڈ-19 کی وَبا کی دوسری لہر چل رہی ہے۔قبل ازیں 19 ،20 اور21 مئی کو اس وَبا کے عروج کے دنوں میں سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔

یو اے ای میں اگست کے آخر میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ شروع ہوا تھا۔31 اگست کو 500 سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔اس کے بعد صرف 7 ستمبر کو 470 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا تھا۔اس کے سوا باقی دنوں میں 500 سے زیادہ کیس ہی ریکارڈ کیے گئے ہیں یا کیے جارہے ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔