متحدہ عرب امارات نے ہندوستان، پاکستان اور دیگر کئی ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی

این سی ای ایم اے مطابق، جن ممالک کی پروازوں کو معطل کیا گیا تھا، وہاں کے مسافر اپنے ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے جمعرات سے یواے ای کا سفر کر سکیں گے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات 5 اگست سے ہندوستان، پاکستان، نائیجیریا اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر عائد پابندی کو ہٹانے جا رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے منگل کے روز یہ اطلاع دی۔ کورونا بحران کے سبب بین الاقوامی سفر کے مرکز متحدہ عرب امارات نے کئی جنوبی ایشیائی اور افریقی ممالک کے مسافروں پر کئی مہینوں سے پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

این سی ای ایم اے مطابق ’’جن ممالک کی پروازوں کو معطل کیا گیا تھا، وہاں کے مسافر اپنے ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے جمعرات سے یواے ای کا سفر کر سکیں گے لیکن انھیں اپنی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔‘‘


وہیں، متحدہ عرب امارات نے ہندوستان، پاکستان اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ورکنگ ویزے کے حامل مکینوں کے ملک میں داخلے پر عاید پابندی کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ایسے مکینوں کے یو اے ای میں داخلے کے ایک اورشرط یہ ہوگی کہ انھوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین کے دونوں انجیکشن لگوارکھے ہوں۔

یواے ای کی قومی ڈیزاسٹراور کرائسیس مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے کہا ہے کہ ’’ان ممالک سے تعلق رکھنے والے امارات کے کارآمد ویزے کے حامل مسافروں کے داخلے پرعاید پابندی جمعرات پانچ اگست سے ختم کی جارہی ہے۔البتہ ایسے مسافروں کے پاس اماراتی حکام کا تصدیق شدہ مکمل ویکسین لگوانے کا سرٹی فیکیٹ ہونا چاہیے۔‘‘

این سی ای ایم اے کے مطابق ان مکینوں کو یواے ای کے سفرپر روانہ ہونے سے قبل آن لائن داخلہ کے اجازت نامہ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی اور انھیں روانگی سے 48 گھنٹے قبل کیے گئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

یواے ای میں جولوگ طب ، تعلیم اور سرکاری شعبوں میں کام کرتے ہیں، تعلیم حاصل کررہے ہیں یا اپناعلاج کرارہے ہیں تو انھیں انسانی کیس کی بنیاد پر ویکسین لگوانے کی پابندی سے مستثنا قرار دے دیا جائے گا۔


واضح رہے کہ یواے ای میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اس دوران میں اوسطاً یومیہ 1532 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

دریں اثناء این سی ای ایم اے نے یو اے ای میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1548 نئے کیسوں کی تشخیص اور چار کی اموات کی اطلاع دی ہے۔یو اے ای میں اب تک اس مہلک وائرس کے 685462 کل کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے1960 مریض وفات پاچکے ہیں،662660 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد20842 ہے۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔