متحدہ عرب امارات کورونا سے نمٹنے والے دنیا کے 11 بہترین ممالک میں شامل

’ٹائم‘ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کے پہلے کیس کا انکشاف 29 جنوری کو ہوا تھا، بعد ازاں امارات دشوار گزار بیرونی حالات کے بیچ اس وبائی مرض کے انسداد میں کامیاب رہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

معروف امریکی جریدے ٹائم نے گذشتہ روز جمعے کو اپنی ویب سائٹ پر ایک فہرست جاری کی ہے۔ یہ فہرست ان 11 ممالک کی ہے جنہوں نے اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیا۔ فہرست میں ایک عرب ملک کا بھی نام شامل ہے جو اس وبا کو قابو کرنے میں کامیاب رہا۔

اس ملک میں کورونا کے سبب 40507 افراد متاثر ہوئے جب کہ اموات کی تعداد 284 سے آگے نہ بڑھ سکی۔ جریدے کی رپورٹ کے مطابق یہ ملک متحدہ عرب امارات ہے جہاں کورونا کے پہلے کیس کا انکشاف 29 جنوری کو ہوا تھا۔ بعد ازاں امارات دشوار گزار بیرونی حالات کے بیچ اس وبائی مرض کے انسداد میں کامیاب رہا۔

فہرست میں متحدہ عرب امارات کا 11 واں نمبر ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کے نام جرمنی، یونان، جنوبی کوریا، تائیوان، سنگاپور، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، آئس لینڈ، ارجنٹائن اور کینیڈا ہیں۔ کورونا کے انسداد کے سلسلے میں امارات نے سخت اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کیں۔ ان میں سماجی فاصلہ ، عمومی لاک ڈاؤن، کرفیو، تقریبات کے انعقاد اور مجمع کے اکٹھا ہونے پر پابندی، صفائی اور سینیٹائزیشن کی بھرپور مہم اور کورونا کے حوالے سے افواہوں کو روکنے کے لیے سرکاری بیانات کے متضاد طبی معلومات پھیلانے والے پر 5500 ڈالر کے مساوی جرمانہ عائد کرنا شامل ہے۔


مذکورہ 11 ممالک کی رپورٹ کی تیاری میں Eurasia Group معاون کے طور پر شریک رہا۔ یہ گروپ 1998 میں اپنے قیام کے بعد سے مختلف نوعیت کے خطرات کے حوالے سے رپورٹیں نشر کر رہا ہے۔ امارات کے حوالے سے اہم معلومات جو ٹائم جریدے نے شائع نہیں کی وہ یہ کہ اس عرب ریاست میں کورونا کے 25946 متاثرین ہسپتالوں میں علاج کے ذریعے صحت یاب ہوئے۔

ایک اور اہم معلومات جو مذکورہ رپورٹ میں سامنے نہیں لائی گئی وہ یہ کہ گذشتہ روز جمعے تک متحدہ عرب امارات کی 99.8 لاکھ کی آبادی میں سے 26 لاکھ افراد کا کورونا کا ٹیسٹ مکمل ہو چکا تھا۔ اس کا مطلب ہوا کہ اوسطا ہر دس لاکھ افراد میں 265680 افراد کا ٹیسٹ ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */