یو اے ای رات کو پیدل چلنے کے لیے دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار

ایک نئے بین الاقوامی سروے میں متحدہ عرب امارات کو لوگوں کے رات کوپیدل چلنے کے حوالے سے دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آواز بیورو

ایک نئے بین الاقوامی سروے میں متحدہ عرب امارات کو لوگوں کے رات کو پیدل چلنے کے حوالے سے دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

گیلپ گلوبل لااینڈ آرڈر (امن وامان) 2021 کی رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کا 95 فی صد اسکور رہا ہے اور اس کو رات کوبہ حفاظت چلنے کے لیے نمبرایک ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس اشاریے میں ناروے دوسرے نمبر پر رہا ہے۔اس نے 93 فی صد اسکور کیا۔

یواے ای کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ’’اگر کوئی عورت دن یا رات کے کسی بھی گھنٹے میں بلاخوف وخطر کسی جگہ اکیلی گھومتی پھرتی ہے تو جان لیں کہ وہ امارات میں ہے۔‘‘

متحدہ عرب امارات امن و امان کےاعلیٰ ترین انڈیکس میں بھی دوسرے نمبرپررہا ہے اوراسے ناروے کے بعد دنیا کا دوسرا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔اس اشاریے میں ان دونوں ملکوں نے بالترتیب 93 اور94 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔


شیخ محمد نے ٹویٹرپراپنے بیان میں کہا کہ’’کمانڈرخلیفہ بن زاید کی دانش مندی ،محمد بن راشد کے وژن اور محمد بن زاید کی معاونت سے متحدہ عرب امارات نے نہ صرف رات کے وقت آبادی کے گھومنے پھرنے میں پہلا مقام حاصل کیا ہے بلکہ گیلپ رپورٹ فارسکیورٹی اینڈ آرڈر 2021 کے نتائج کے مطابق دنیا میں محفوظ ترین ممالک میں بھی دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔اللہ یواے ای کی حفاظت کرے اور اس کی سلامتی کو دوام بخشے۔‘‘

گیلپ کے امن وامان انڈیکس میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے والے سرفہرست پانچ ممالک یہ ہیں: ناروے (94 فی صد)، متحدہ عرب امارات (93 فی صد)، چین (93 فی صد)، سوئٹزرلینڈ (93 فی صد) اور فن لینڈ (92 فی صد)۔

رپورٹ کے مطابق جہاں تک تنہا چلنے والے افراد کے لیے پانچ محفوظ ترین ممالک کا تعلق ہے، توان میں سرفہرست ممالک یہ ہیں: متحدہ عرب امارات (95 فی صد)، ناروے (93 فی صد)، چین (91 فی صد)، سلووینیا (91 فی صد) اور تائیوان (89 فی صد)۔


اس رپورٹ کے نتائج قانون کی حکمرانی میں اپنی حفاظت اور سلامتی کے بارے میں لوگوں کے تصوروادراک پر مبنی تھے۔ یہ سروے 2020 اور 2021 کی پہلی ششماہی کے دوران میں کیے گئے تھے۔اس عرصے میں کرونا وائرس کی وبا عروج پر تھی۔

اکتوبر میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی جاری شدہ رپورٹ میں متحدہ عرب امارات خواتین، امن اور سلامتی (ڈبلیو پی ایس) انڈیکس 2021 میں بھی سرفہرست رہا تھا۔اس نے ’کمیونٹی سیفٹی کے تاثر‘کے زمرے میں سب سے زیادہ درجہ حاصل کیا اور 98.5 فی صد نمبرحاصل کیے تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔