خادم الحرمین شریفین کے ’مہمان حجاج‘ سعودی عرب کی میزبانی اور نظم و ضبط سے بے انتہا خوش
ایک مہمان حاجی نے کہا ’’اس عظیم دن پر جو جذبات ہیں، وہ ناقابلِ بیان ہیں۔ جب ہم حاجیوں کو یکجہتی سے تلبیہ ادا کرتے دیکھتے ہیں تو ہمارے دل خوشی سے معمور ہو جاتے ہیں۔ یہ لمحات یادوں میں محفوظ رہیں گے۔‘‘

حجاج کرام، تصویر@MoHU_En
اِس سال تقریباً 16.73 لاکھ عازمین حج نے فریضۂ حج ادا کیا اور سعودی حکومت کے ذریعہ فراہم کردہ سہولیات نے انھیں بے انتہا آسانیاں فراہم کیں۔ گرمی کی شدت کے باوجود جس طرح کے انتظامات حکومت سعودیہ کی طرف سے کیے گئے تھے، اس نے خاص طور سے خادم الحرمین شریفین کے ’مہمان حجاج‘ کو بے انتہا خوشی دی ہے۔ اِس سال ان ’مہمان حجاج‘ کی تعداد 2400 سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

دراصل ہر سال خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے ایک خصوصی پروگرام کے تحت مختلف ممالک سے مہمان حجاج کو مدعو کیا جاتا ہے اور ان کی میزبانی کی جاتی ہے۔ اردو نیوز پورٹل ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ مہمان حجاج کے پروگرام کے تحت سعودی مملکت نے 100 سے زائد ممالک کے 2,400 سے زائد عازمین کی میزبانی کی ہے۔ ان مہمانوں نے سعودی مملکت کے ذریعہ کیے گئے انتظامات کی بھرپور انداز میں تعریف کی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خادم الحرمین شریفین کی طرف سے مہمانوں کے پروگرام برائے حج و عمرہ کے متعدد حجاج نے میدانِ عرفات میں کھڑے ہو کر گہرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلبیہ پڑھنا اور دعا کرنا ان کی زندگی کے گہرے ترین اور یادگار ترین لمحات میں سے تھا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مہمان حجاج نے اپنی آمد سے لے کر مقدس مقامات تک پہنچنے تک سعودی مملکت کی فراخدلانہ میزبانی کی تعریف کی۔

ایس پی اے کی ایک خبر کے مطابق نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے حاجی محمد عامر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یومِ عرفہ سے متعلق جو بھی تفصیل بیان کی جائے وہ غیر معمولی ہے؛ یہ سکون اور اطمینان کا ایک خوبصورت لمحہ ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنی عزت، نظم و ضبط اور نگہداشت ملے گی۔‘‘ انہوں نے رسومات کو آسان اور ہر حاجی کے آرام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی مملکت اور اس کی قیادت کی تعریف کی۔

اسی طرح فلسطین سے تعلق رکھنے والے حاجی سامح ابو بکر نے حجاج کی نقل و حرکت کے لیے خدمات اور غیر معمولی نظم و ضبط کو بے حد پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس عظیم دن پر جو جذبات ہیں، وہ ناقابلِ بیان ہیں۔ جب ہم حاجیوں کو یکجہتی سے تلبیہ ادا کرتے دیکھتے ہیں تو ہمارے دل خوشی سے معمور ہو جاتے ہیں۔ یہ لمحات یادوں میں محفوظ رہیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔