شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان سعودی عرب کے نئے مفتی اعظم مقرر، شاہی حکم نامہ جاری
سعودی فرمانروا نے ولی عہد کی سفارش پر شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان کو مفتی اعظم مقرر کر دیا۔ وہ سینئر علما کونسل کے چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی برائے علمی تحقیق و افتا کے سربراہ بھی ہوں گے

سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان بن عبداللہ الفوزان کو مملکت کا نیا مفتی اعظم مقرر کرنے کا شاہی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ یہ تقرری ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر کی گئی، جس کی منظوری فرمانروا نے دی۔ شاہی حکم نامے کے مطابق شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان کو نہ صرف مفتی اعظم کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے بلکہ انہیں سعودی عرب کی سینئر علما کونسل کا چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی فار سائنٹیفک ریسرچ اینڈ افتا کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تقرری سعودی عرب کے سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ کے انتقال کے بعد عمل میں آئی ہے۔ شیخ عبدالعزیز آل شیخ 23 ستمبر 2025 کو 84 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ وہ 1999 سے مملکت کے مفتی اعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اسلامی دنیا میں ان کا شمار معتبر علما میں ہوتا تھا۔
نئے مفتی اعظم شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان بن عبداللہ الفوزان سعودی عرب کے ممتاز علما میں سے ایک ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے دینی تعلیم و تحقیق اور دعوتی خدمات سے وابستہ رہے ہیں۔ آپ سعودی علما کونسل کے رکن، مستقل کمیٹی برائے علمی تحقیق و افتا کے سینئر رکن اور اسلامی فقہی کونسل (مسلم ورلڈ لیگ) کے فعال رکن رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ حج کے دوران مبلغین کی نگران کمیٹی کے بھی رکن رہ چکے ہیں۔
شیخ صالح الفوزان کا تعلق سعودی عرب کے القصیم علاقے سے ہے، جہاں وہ 1935 میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بریدة میں حاصل کی، اس کے بعد ریاض کی کالج آف شریعہ سے فقہ میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے بطور استاد خدمات انجام دیں اور بعد ازاں اعلیٰ عدالتی ادارے کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔
انہیں 1992 میں مستقل کمیٹی برائے علمی تحقیق و افتا کا رکن مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے متعدد علمی اور فقہی موضوعات پر گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی بصیرت، فقہی گہرائی اور شریعت فہمی کی بدولت انہیں عرب و اسلامی دنیا میں وسیع احترام حاصل ہے۔
شیخ الفوزان نے اسلامی علوم، عقائد اور فقہ پر درجنوں کتب تصنیف کی ہیں جو عرب دنیا سمیت دیگر ممالک میں بھی نصاب کا حصہ ہیں۔ ان کی کئی علمی تقاریر اور دروس مختلف ریڈیو و ٹی وی پروگراموں میں نشر ہوتے رہے ہیں۔ ان کے مشہور ترین پروگراموں میں ’نور علی الدرب‘ شامل ہے، جس کے ذریعے انہوں نے عام مسلمانوں کی دینی رہنمائی کی۔
شیخ صالح الفوزان کی بطور مفتی اعظم تقرری کو مملکت کے علمی اور دینی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ علما نے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی علمی بصیرت، فقہی استدلال اور متوازن رویہ سعودی عرب میں شریعت فہمی اور دینی رہنمائی کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔