برطانیہ نے میانمار فوج کی تربیت معطل کی

شاہ سلمان نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے 1.5 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا

فائل تصویر/ٹوئٹر
فائل تصویر/ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ریاض/لندن: میانمار کے رخائن علاقہ میں فوج کی طرف سے جاری نسل کشی کی خبروں نے دنیا بھر کے انسانیت پرست لوگوں کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اپنے ملک سے نقل مکانی کرنے پر مجبور روہنگیا مسلمانوں کے لئے مسلم ممالک تو آگے آ ہی رہے ہیں کئی دوسرے ممالک بھی اس معاملہ میں روہنگیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور میانمار پر اس نسل کشی کو روکنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں۔ اسی ضمن میں سعودی عرب کے فرماں رواں نے روہنگیا مہاجرین کی امداد کے لئے 1.5 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جاری تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ نے میانمار فوج کی تربیت معطل کر دی ہے۔



سعودی فرمان رواں شاہ سلمان/Getty Images
سعودی فرمان رواں شاہ سلمان/Getty Images

سعودی شاہی دفتر کے مشیر اور کنگ سلمان سینٹر فار ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریسکیو کے نگرانِ عام ڈاکٹر عبدالعزیز نے بتایا ہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرکز کو 1.5 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد دینے کی ہدایت دی ہے اور یہ رقم میانمار میں نسل کشی اور تشدد کے سبب فرار ہونے والے روہنگیا مسلمان مہاجرین پر خرچ کی جائے گی۔ سعودی پریس ایجنسی کو دیے گئے بیان میں ڈاکٹر عبدالعزیز نے بتایا کہ حالیہ اقدام خادم حرمین شریفین کی جانب سے میانمار کے آفت زدہ مہاجرین کی امداد کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد مسلمان بھائیوں کے دکھوں میں کمی لانا اور ان کو ہر قسم کی انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔

ڈاکٹر عبدالعزیز کے مطابق ہدایات جاری ہونے کے بعد آئندہ چند گھنٹوں میں کنگ سلمان سینٹر کی ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی تا کہ روہنگیا مسلمانوں کے حالات سے آگاہ ہوا جا سکے۔ اس کے بعد ان کے لیے فوری نوعیت کی ہنگامی امداد روانہ کر دی جائے گی۔



برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے/Getty Images
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے/Getty Images

وہیں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا کہناہے کہ اس نے رخائن ریاست میں نسلی تشدد کے باعث میانمار فوج کے تعلیمی تربیتی کورسز کو معطل کردیا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر برطانیہ کو گہری تشویش ہے اور فوجی تربیتی کورسز اس وقت تک دوبارہ شروع نہیں کی جائیں گے جب تک موجود روہنگیا بحران کا تسلیم شدہ حل نہ نکال لیا جائے، انہوں نےکہاکہ روہنگیاعوا م کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی کو روکنے کی ضرورت ہے۔ غیر ملکی میڈیا سے نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ میانمار فوج کےساتھ مزید کوئی دفاعی شراکت داری اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اس مسئلے کا حل نہ نکال لیا جائے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2017, 10:26 AM