کورونا وائرس: سعودی عرب میں دوکی موت اور 900 سے زیادہ متاثر

کورونا وائرس کی مہلک وبا کو سعودی عرب میں پھیلنے سے روکنے کے لیے پیر کی شب سے گیارہ گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا ہے اور بدھ کو تین شہروں مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ اور الریاض میں لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا نامی وبائی وائرس پوری دنیا میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہےاور بڑے بڑے ملک اس کی چپیٹ میں آ چکے ہیں۔سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بدھ کو کورونا وائرس سے متاثرہ ایک اور مریض کی موت کی تصدیق کی ہے۔اس طرح سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی ہے اور اس کا شکار افراد کی تعداد 900 سے متجاوز ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے فوت ہونے والے شخص کی عمر 46 سال تھی۔انھوں نے مزید 133 متاثرین کی تصدیق کی ہے۔


کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 18 افراد نے حال ہی میں بیرون ملک سفر کیا تھا اور انھیں سعودی عرب میں واپسی پر قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان نے منگل کو کورونا وائرس سےایک غیرملکی کی موت کی تصدیق کی تھی۔اس کو مدینہ منورہ میں ایک اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں اس کی حالت تیزی سے بگڑ گئی اور پیر کی شب اس کا انتقال ہو گیا۔


سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کی مہلک وبا کو سعودی عرب میں پھیلنے سے روکنے کے لیے پیر کی شب سے گیارہ گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا ہے اور بدھ کو تین شہروں مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ اور الریاض میں لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

مملکت میں شام سات بجے سے صبح چھے بجے تک نافذ اس کرفیو کے دوران میں دارالحکومت الریاض اور دوسرے شہروں میں منگل کی شب بھی بڑی شاہراہیں سنسان نظرآ رہی تھیں اوربعض علاقوں میں ایک طرح سے تو ہُو کا عالم تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔