ماسکو: شاہ سلمان اور پوتن کی ملاقات، باہمی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ماسکو: سعودی فرمان رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور روسی صدر ولادی میر پوتن نے ماسکو میں اپنی سربراہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شاہ سلمان نے صدر پوتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عالمی استحکام کے لیے روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چا ہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے اور ان کے مالی وسائل کی روک تھام کے لیے کوششوں کو مربوط بنانا چاہتا ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ ہم تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے روس کے ساتھ مل جل کر کام جاری رکھیں گے۔

سعودی فرماں روا نے فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے ، ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور خطے کے ملکوں کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کو روکنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے یمن اور شام میں جاری بحرانوں کے سیاسی حل اور عراق کی وحدت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زوردیا ہے۔

Getty Images
Getty Images

شاہ سلمان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور بدھ مت انتہا پسندوں کی ظالمانہ کارروائیوں کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ روہنگیا کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے،دنیا کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا ۔انھوں نے کہا، ’’مجھے امید ہے آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی‘‘۔

Getty Images
Getty Images

شاہ سلمان نے اس موقع پر روسی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ باہمی مفاد سے متعلق امور پر مشاورت کے عمل کو مکمل کیا جاسکے۔

شاہ سلمان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالرز مالیت کے معاہدے طے پائے ہیں۔ان میں دفاعی شعبے میں تعاون کا ایک سمجھوتا بھی شامل ہے جس کے تحت سعودی عرب روس سے اس کا مشہور زمانہ ایس 400 میزائل دفاعی نظام خرید کرے گا۔ اس کے علاوہ روس کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ ( پی آئی ایف) اور سعودی مبادلہ کے درمیان شراکت داری کا ایک سمجھوتا طے پایا ہے ۔اس کے تحت انفرااسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔دونوں ممالک نے ایک ارب ڈالرز مالیت کے مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ کے قیام سے بھی اتفاق کیا ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2017, 4:55 PM