سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت

شاہ سلمان نے خواتین کو ڈرائیونگ کے لئے لائسنس جاری کرنے کا حکم دیا

فائل تصویر/Getty Images
فائل تصویر/Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ریاض ۔ سعودی عرب کے فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پرعائد پابندی کو ختم کرتےہوئے یہ حکم دیا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس دیئے جائیں۔

شاہ سلمان نے ٹریفک قوانین کی پابندی اور اس کے ایگزیکٹیو احکامات کو اپنانے کا حکم دیا اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ملک میں مرد و خواتین سب کو گاڑی چلانے کی یکساں اجازت دی جائے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے کا معاملہ ایک عرصےسے بحث کا موضوع رہا ہے ۔ ملک میں خواتین کو گاڑی چلانے کی قانونی اجازت نہ ہونے کے باعث اکثر خواتین کو گاڑی چلانے کی پاداش میں گرفتارکیا جاتا تھا۔

شاہ سلمان کی جانب سے خواتین کی ڈرائیونگ پر عاید پابندی منسوخ ہونے کے بعد وزارت داخلہ، خزانہ، وزارت محنت اور سماجی بہبود پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو خواتین کے گاڑی چلانے کے شاہی فرمان پر عمل درآمد کے انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ شاہی فرمان کے بعد یہ کمیٹی تیس روز میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی اور اس پر 10/10/1439 تک عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔



سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت

شاہ سلمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خواتین کی ڈرائیونگ کا معاملہ علماء کے پاس بھی زیربحث رہا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوئی شرعی ممانعت نہیں ہے۔ بعض وجوہ کی بناء پر علماء اس معاملے میں محتاط انداز میں بات کرتے ہیں، مگر جن وجوہ کی بناء پر خواتین کو اب تک گاڑی چلانے سے روکا گیا تھا ان کے سد باب کے بعد اب کوئی امر مانع نہیں رہا ہے۔ اس لیے متعلقہ حکام کو مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی سعودی عرب میں گاڑی چلانے کی اجازت فراہم کیے جانے کے احکامات صادر کیے جاتے ہیں۔



سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت

شاہ سلمان کی جانب سے خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم کرنے کے فیصلے سے عالمی سطح پر مثبت رد عمل سامنے آئے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجما ن ہیزر نویرٹ نے واشنگٹن سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلا شبہ ہم شاہ سلمان کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ ایک عظیم قدم ہے اور درست سمت میں غیرمعمولی اہمیت کا حامل فیصلہ ہے‘۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Sep 2017, 9:47 AM