فلسطینی عوام کے مصائب کم کرنے میں سعودی عرب کا مرکزی کردار ہے: فلسطینی وزیر اعظم

ریاض نے غزہ کی پٹی کے لیے تقریباً 70 امدادی طیارے بھیجے، جن میں خوراک کا سامان اور رہائشی امدادی پیکج شامل تھے تاکہ غزہ کے عوام کی مشکل زندگیوں کو سہارا دیا جا سکے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

فلسطینی وزیرِ اعظم ڈاکٹر محمد مصطفى نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ مملکتِ سعودی عرب، خصوصاً شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے فلسطینی عوام، بالخصوص غزہ کے متاثرہ علاقے میں عوامی مشکلات کم کرنے میں بنیادی اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ مرکز دنیا بھر کے ضرورت مندوں کی خدمت کا ایک مثالی نمونہ پیش کر رہا ہے، خصوصاً فلسطین میں اس کی سرگرمیوں نے نمایاں اثرات ڈالے ہیں۔

گزشتہ برس 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے سعودی عرب نے فلسطین کی مسلسل امداد کی ہے۔ شاہ سلمان مرکز، وزارتِ دفاع اور قاہرہ میں سعودی سفارت خانے کے تعاون سے تقریباً 70 امدادی طیارے غزہ بھیجے گئے جن میں خوراک کا سامان اور رہائشی امدادی پیکج شامل تھے تاکہ غزہ کے عوام کی مشکل زندگیوں کو سہارا دیا جا سکے۔


اسی سلسلے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر غزہ کے عوام کے لیے عوامی امدادی مہم شروع کی گئی۔اب تک 23 لاکھ سے زائد شہریوں نے حصہ لیا اور مجموعی عطیات 73.2 کروڑ سعودی ریال (یعنی تقریباً 19.5 کروڑ امریکی ڈالر) تک پہنچ گئے۔

مہم کے آغاز کے ساتھ ہی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 5 کروڑ ریال کا عطیہ دے کر فلسطینی عوام کے ساتھ مملکت کے مرکزی اور دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔ مزید برآں بحران کے آغاز سے ہی سعودی عرب نے انسانی صورت حال کو بہتر بنانے اور غزہ میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے سفارتی و انسانی سطح پر بھرپور کوششیں کیں۔


مملکت نے عرب و اسلامی اتفاقِ رائے قائم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا، جس کے تحت غیر معمولی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس میں تشکیل دی گئی وزارتی کمیٹی کی صدارت سعودی عرب نے سنبھالی۔اسی طرح فرانس کے ساتھ مشترکہ صدارت میں "دو ریاستی حل کے اتحاد" کے قیام کے لیے نیویارک میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی بھی سعودی عرب نے کی، جس کے نتیجے میں فلسطینی ریاست کے عالمی اعتراف میں نمایاں اضافہ ہوا۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’العربیہ ڈاٹ ںیٹ، اردو‘)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔