سعودی عرب: بیرون ملک پھنسے تارکینِ وطن کے اقاموں اور ویزوں میں 30 ستمبر تک مفت توسیع
سعودی عرب نے شاہی فرمان کے تحت بیرون ملک پھنسے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید ،خروج اور دوبارہ داخلہ کے لیے ویزوں کی میعاد میں خودکار طریقے سے 30 ستمبر2021ء تک بلا فیس توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے

الریاض: سعودی عرب نے ایک شاہی فرمان کے تحت بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید ،خروج اور دوبارہ داخلہ کے لیے ویزوں کی میعاد میں خودکار طریقے سے 30 ستمبر2021ء تک بلا فیس توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس (جوازات) نے خودکار طریقے سے پہلے ہی ویزوں کی تجدید کا عمل شروع کردیا ہے اور اس کام کی ویزا حاملین سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
جوازات نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ قومی اطلاعاتی مرکز کے ساتھ رابط کے ذریعے ویزوں کی میعاد میں توسیع خودکار طریقے سے کی جارہی ہے اور متعلقہ فرد کو پاسپورٹس کے کسی دفتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
سعودی وزیرخزانہ نے اس ضمن میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کی روشنی میںالگ سے بھی حکم نامہ جاری کردیا ہے۔بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے ویزوں کی میعاد میں توسیع کا فیصلہ سعودی شہریوں اورمکینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے اور اس کا ایک بڑا مقصد کووِڈ-19 کی وبا کے تارکین وطن پر مرتب ہونے والے منفی مالی اورمعاشی اثرات کو کم کرنا ہے۔
خادم الحرمین الشریفین کی ہدایات کی روشنی میں ان ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن اورغیرملکیوں کے ویزوں میں توسیع کی جارہی ہے جہاں سے مسافروں کے کروناوائرس کی وبا پھیلنے کے بعدسعودی عرب میں داخلے پر پابندی عاید ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔