سعودی عرب کی اسرائیلی جارحیت پر شدید مذمت، ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا

سعودی عرب نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے فوری اقدام کی اپیل کی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ</p></div>

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

user

قومی آواز بیورو

ریاض: سعودی عرب نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کی خودمختاری کے خلاف کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک سخت الفاظ پر مشتمل بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے خلاف اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ حملے ایران کی سلامتی اور خودمختاری کو مجروح کرتے ہیں اور عالمی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان حملوں کو فوری طور پر رکوانے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدام کرے۔

سعودی عرب کی جانب سے یہ ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعے کی صبح اسرائیل نے اعتراف کیا کہ اس نے ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے باز رکھنا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ اور متعدد عینی شاہدین نے بتایا کہ دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جب کہ ایران کی مرکزی یورینیم افزودگی کی تنصیب بھی ان حملوں سے متاثر ہوئی۔


اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ان حملوں کو اسرائیل کی تاریخ کا فیصلہ کن لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارروائیاں ان ایرانی سائنس دانوں اور میزائل فیکٹریوں کے خلاف کی گئی ہیں، جو مبینہ طور پر جوہری بم بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ ان کے بقول، یہ کارروائیاں محض آغاز ہیں اور اگلے چند دنوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔

ایرانی حملوں کے جواب میں تہران نے بھی فوری ردعمل ظاہر کیا اور متعدد ڈرون و میزائل اسرائیلی اہداف کی جانب روانہ کیے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ’دشمن کی جارحیت کا مناسب جواب‘ ہیں اور آئندہ حملوں کی صورت میں مزید سخت ردعمل دیا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق کچھ میزائل اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کر دیے، تاہم چند اہداف کو جزوی نقصان پہنچا۔ ایران نے واضح کیا کہ اس کا مقصد اپنے دفاع کا حق استعمال کرنا اور اسرائیل کو ممکنہ حملوں سے باز رکھنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔