سعودی عرب: ’بن لادن‘ کمپنی مسجد الحرام میں ہونے والے کرین حادثے میں بری قرار

عدالت کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس کرین حادثے کے حوالے سے کمپنی کے ذمہ داروں کی طرف سے کسی قسم کی کوتاہی برتنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب کی ایک فوج داری عدالت نے بن لادن کنسٹرکشن کمپنی کو مسجد حرام میں کرین کے حادثے میں بری قرار دیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کی ایک فوجی عدالت نے بن لادن کمپنی کے 13 ملازمین کے خلاف جاری مقدمہ کی کارروائی نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ طویل چھان بین اور تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ بن لادن کمپنی اور ملزمان کرین حادثے میں قصور وار نہیں ہیں۔

عدالت کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس کرین حادثے کے حوالے سے کمپنی کے ذمہ داروں کی طرف سے کسی قسم کی کوتاہی برتنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ہمیں محکمہ موسمیات کی وہ رپورٹ بھی ملی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کرین حادثے کے وقت موسم بہت زیادہ خراب تھا جو کرین کے گرنے کا باعث بنی تھی۔


عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نے حادثے کے دن اور اس سے ایک دن قبل موسم کی صورتحال پر ایک بلیٹن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بحر احمر میں ہوا کی رفتار صرف'1' اور '38' کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہوگی۔ اگرچہ اسے سمندری طوفان کے طور پر بیان نہیں ‌کیا گیا تھا۔ مگر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جنرل اتھارٹی نے خبردار کیا تھا کہ موسم کی خرابی کے باعث کوئی بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس دن مکہ مکرمہ میں جو کچھ ہوا اس سے وبائی بیماریاں بھی پھیل سکتی تھی۔

اپیل کورٹ نے پچھلے فیصلے میں بعض ملزمان کی برییت کے فیصلے پر چھ نوٹ لکھے تھے جن پر اپنے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔ اپیل عدالت نے واضح ‌طور پر کہا تھا کہ کرین کا حادثہ ایک حقیقی واقعہ ہے اور اس کے نتیجے میں مسجد حرام میں اموات بھی ہوئی ہیں۔ جس کمپنی نے کرین نصب کی ہے وہ اس حقیقت سے انکار نہیں کرسکتی۔ کرین کے ممکنہ سقوط سے بچاؤ اور حفاظتی انتظامات کمپنی کی ذمہ داری تھی۔


عدالت کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کمپنی کو موسمی حالات کو سامنے رکھ کر اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔ اسے موسم کی صورت حال کی رپورٹس کا انتظار کرنے سے قبل ہی سخت حفاظتی اقدامات کرنا چاہئیں۔

(بشکریہ، العربیہ ڈاٹ نیٹ۔ مریم الجابر)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔