حرمین میں ماہ صیام کے دوران معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل

ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کی تمام ذیلی شاخیں اور ایجنسیاں ماہ صیام کے لیے وضع کردہ پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ
العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے ماہ صیام کے دوران حرم مکی میں آنے والے نمازیوں اور معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسجد حرام میں آنے والے معتمرین کے لیے کورونا کی دو خوراکوں کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تمام معتمرین کو'توکلنا' ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد ہی حرم مکی میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ایسے افراد جنہوں‌ نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے اور اسے 14 دن گزر چکے ہیں۔ اسے بھی مسجد حرام میں آنے اور عبادت کی اجازت ہوگی۔ ایسے افراد جو کورونا کی وبا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں وہ بھی عمرہ کی ادائی کے لیے حرم مکی میں داخل ہوسکتے ہیں تاہم تمام نمازیوں اور معتمرین کے لیے وبا کے پیش نظر اختیار کردہ ایس اوپیز پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔


حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے 1442ھ کے ماہ صیام کے موقعے پر حرمین میں نمازیوں اور معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے نہ صرف مسجد حرام بلکہ مسجد نبوی میں ‌بھی ضابطہ اخلاق وضع کیا گیا ہے جس پرعمل درآمد کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کی تمام ذیلی شاخیں اور ایجنسیاں ماہ صیام کے لیے وضع کردہ پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔ حرمین شریفین میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لیے کورونا ویکسین کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔


ادھر حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا کہ معتمرین اور نمازیوں کی خدمت پر مامور تمام رضاکاروں کے لیے کورونا ویکسین کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حرمین جنرل پریذیڈینسی اور محکمہ صحت کے تعاون سے حرم مکی اور مسجد نبویﷺ میں خدمات انجام دینے والے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے دوران حرم مکی میں سینیٹائزنگ کا عمل جاری رہے گا۔ مسجد حرام کو صاف ستھرا رکھنے اور جراثیم سے پاک کرنے کے لیے 5 ہزار رضا کاروں‌ پر مشتمل عملہ چوبیس گھنٹے مصروف رہے گا اور مسجد حرام میں چوبیس گھنٹے میں 10 بار جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔


عمرہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحن مطاف میں ‌طواف کے لیے ورچوئل ٹریک بنائے گئے ہیں۔ ان ٹریک کا مقصد سماجی دوری کو یقینی بنانا ہے۔ تین ٹریک عمر رسیدہ اور معذور افراد کے لیے مختص ہیں‌ جو خانہ کعبہ کے زیادہ قریب ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Apr 2021, 8:40 PM
/* */