کرونا وائرس:حج سیزن میں مکہ مکرمہ میں غیرمجاز داخلے پر10 ہزار ریال جرمانہ

اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گےجس میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔

تصویر، نیشنل ہیرالڈ 
تصویر، نیشنل ہیرالڈ
user

قومی آوازبیورو

اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گےجس میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اس موسم حج کے دوران مکہ مکرمہ میں مقررہ اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے والے افراد پر 10 ہزار ریال فی کس جرمانہ عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔


وزارت داخلہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس جرمانے کا اطلاق 19 جولائی یعنی 28 ذی قعدہ سے ہوگا اور یہ ضابطہ دو اگست یعنی 12 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہے گا۔

اگر کوئی شخص مکہ مکرمہ میں غیر مجاز داخلے کی پابندی کی دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو دُگنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور یعنی 20 ہزار ریال ۔


العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے ایک بیان جاری کیاہے جس میں کہا ہے کہ ’’ وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ اس سال حج سیزن کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پاسداری کریں۔اس نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی افسر مسجد الحرام اور دوسرے مقدس مقامات کی جانب جانے والی شاہراہوں پر فرائض انجام دیں گے اور مخصوص عرصے کے دوران میں مقدس مقامات میں داخلے کی کسی بھی کوشش کی نگرانی کریں گے۔‘‘

سعودی حکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔

سعودی عرب نے گذشتہ ماہ اس سال کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور یہ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔ (بشکریہ ، العربیہ ڈاٹ نیٹ )

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔