فلسطین نے اپنے سفیر کو پاکستان سے واپس بلا یا

جو بھی کوئی حافظ سعید جیسے بدنام زمانہ دہشت گرد سے اپنی قربت ظاہر کرے گا اس کے اس عمل کو ہندوستان بالکل برداشت نہیں کرے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے سخت موقف کے بعد فلسطینی حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفیر کو ملک واپس بلا لیا ہے ۔ ہندوستان نے فلسطینی سفیر کی حافظ سعید کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت پر سخت اعتراض کیا تھا اور واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ سفیر کا یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ اس معاملے پر اپنا رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی سفیر نے کہا کہ ’’ ان کو اس عمل کی قیمت چکانی چاہئے‘‘۔

ہندوستان نے فلسطین کو واضح الفاظ میں اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی سفیر کی ایک دہشت گرد کے ساتھ ہونا کسی بھی شکل میں قبول نہیں ہے۔ ہندوستان نے اپنی ناراضگی سے نئی دہلی میں فلسطین کے سفیر اور فلسطین کی وزار ت خارجہ کو آگاہ کر دیا تھاکہ دہشت گرد حافظ سعید کے ساتھ اجلاس میں شرکت ناقابل قبول ہے۔ حکومت ہند نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے کیونکہ جو بھی کوئی حافظ سعید جیسے بدنام زمانہ دہشت گرد سے اپنی قربت ظاہر کرے گا اس کے اس عمل کو ہندوستان بالکل برداشت نہیں کرے گا ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
فلسطینی سفیر والید ابو علی

واضح رہےپاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر والید ابو علی نے 29دسمبر 2017کو حافظ سعید کے ساتھ ’دفاع پاکستان کونسل‘ کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔’ دفاع پاکستان کونسل‘ کا پاکستان کی کئی تنظیموں سے اتحاد ہے جس میں حافظ سعید کی تنظیم جماعت الددعوی بھی شامل ہے۔ فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں مناسب کارروائی کرے گا۔

حال ہی میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں ہندوستان نے فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اسرئیل اور امریکہ کے موقف کے خلاف ووٹ دیا تھا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی کو امریکہ کے ذریعہ قبول کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی پوری دنیا نے مخالفت کی تھی لیکن جب یہ معاملہ اقوام متحدہ میں ووٹنگ کے لئے آیا تو ہندوستان نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ووٹ دیتے ہوئے فلسطین کی حمایت کی تھی۔واضح رہے امریکی اعلان کے بعد پوری دنیا میں اس کی مخالفت کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Dec 2017, 6:37 PM