’پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پرعزم‘

پاکستانی فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اس دوران حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

قمر جاوید باجوہ
قمر جاوید باجوہ
user

یو این آئی

ریاض: پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ یقین دہانی انہوں نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران کرائی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق دورانِ ملاقات افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت، دو طرفہ دفاع، سیکیورٹی، علاقائی امن اور رابطوں کے لیے تعاون کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں اور دونوں ممالک امن استحکام اور امتِ مسلمہ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادار کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ 4 مئی کو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے دورے کے موقع پر فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع سے ملاقات کی۔

سعودی قیادت کے ساتھ وزیر اعظم کی مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا جس میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی افرادی قوت کے لیے ملازمت کے مواقع اور مملکت میں پاکستانی آبادی کی فلاح و بہبود شامل ہیں۔ سعودی عرب 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے جنہوں نے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد نے علاقائی سالمیت اور استحکام میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔