مثالی انتظامات اور جدید سہولیات سے لاکھوں حجاج کرام کی خدمت باعث افتخار: سعودی وزیر حج

وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ دنیا بھر سے 7,000 حج پروازوں کا استقبال کیا گیا، نُسک ایپ میں 130 سہولیات شامل کی گئیں، بجلی، پانی اور صحت کے نظام میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>حج 2025 / Getty Images</p></div>

حج 2025 / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس سال کے حج انتظامات کو تاریخ کے بہترین اور جدید ترین قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر کے 238 شہروں سے 7,000 سے زائد حج پروازوں کا استقبال کیا گیا، جس سے عالمی سطح پر حج کی اہمیت اور سعودی عرب کی میزبانی کی صلاحیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ وزیر حج مکہ مکرمہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقدہ سالانہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر الربیعہ نے ’نسک‘ ایپ کے بارے میں بتایا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میں 130 سے زائد خدمات شامل کی گئی ہیں۔ حجاج کرام کو ویزا سے لے کر واپسی تک مکمل رہنمائی فراہم کرنے والی یہ ایپ اس سال کے حج میں ایک انقلابی تبدیلی بن کر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کے آرام اور سہولت کے لیے 3 لاکھ مربع میٹر سے زائد علاقے کو سایہ دار بنایا گیا، جن میں ایک لاکھ 70 ہزار مربع میٹر صرف گزرگاہوں کے لیے مخصوص کیا گیا۔ اس کے علاوہ مشاعر مقدسہ میں 23 ہزار سے زائد درخت لگا کر ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیا گیا۔


وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں بجلی کی فراہمی کی گنجائش میں 95 فیصد اضافہ کیا گیا، جس پر تین ارب سعودی ریال سے زائد کی لاگت آئی۔ پانی کی تقسیم کا نظام بھی وسعت اختیار کر گیا اور اس سال سات ملین مکعب میٹر سے زائد پانی مکہ اور مشاعر میں تقسیم کیا گیا۔

حج کے دوران حرمین ٹرین نے 4,700 سے زائد جبکہ مشاعر ٹرین نے 2,500 سے زائد سفر مکمل کیے۔ اس کے علاوہ 20 ہزار سے زائد بسیں حجاج کرام کو ان کے مقامات تک پہنچانے کے لیے دن رات سرگرم رہیں۔

صحت کے میدان میں بھی غیر معمولی پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ مشاعر مقدسہ میں طبی بستروں کی گنجائش میں 60 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا، ایک نیا ایمرجنسی ہسپتال قائم کیا گیا اور 71 مقامات پر ہنگامی رسپانس پوائنٹس بنائے گئے تاکہ کسی بھی طبی ضرورت کے وقت فوری امداد مہیا کی جا سکے۔

ڈاکٹر الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان کامیاب انتظامات کے پیچھے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی توجہ اور نگرانی ہے، جنہوں نے حج کو ایک محفوظ، منظم اور روحانی تجربہ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر پر خصوصی سرمایہ کاری کی۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔