سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری، کل سے ہوگا لاگو

سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں پہنچنے والے مسافروں کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مملکت پہنچنے والے تمام مسافروں کا ایپ پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

الریاض: سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مملکت میں پہنچنے والے مسافروں کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ایئرلائنز کے لئے گائیڈ لائن جاری کرکے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے تمام مسافروں کا ایپ پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا۔

ہدایت نامہ کے مطابق سعودی عرب آنے والے مسافر اپنے موبائل فونز میں لازمی طور پر ’توکلنا‘ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کریں اور اگر مسافر ایپ سے ناواقف ہیں تو ایئر لائنز اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسافروں توکلنا ایپ سے پوری طرح آگاہ ہوں۔سعودی سول ایشن کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ایپ پر لازمی رجسٹریشن کا فیصلہ سعودی ایوی ایشن ایکٹ آرٹیکل 23 کے تحت کیا گیا ہے۔ توکلنا ایپ پر رجسٹرڈ نہ ہونے والے مسافروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


واضح رہے کہ اس سے قبل غیر ملکی مسافروں کے مملکت میں داخلے کے لئے آن لائن پورٹل پر ڈیٹا اندراج کرانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافروں کو دوران بورڈنگ تفصیلات ایئرلائن کو لازمی فراہم کرنا ہوں گی۔ مسافروں کو موبائل فون پر رجسٹریشن کا میسج دکھانا ہوگا، رجسٹریشن نمبر کے ساتھ پرنٹ سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہوگا، جبکہ ویب سائٹ کے ذریعے پاسپورٹ نمبر سے رجسٹریشن کی تصدیق بھی کرنی ہوگی۔ نئے قوانین پر 16 جون سے عمل درآمد لازمی قرار دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔