نیتن یاہو کا سعودی دورہ: اسرائیل کی خاموشی، سعودی عرب کی تردید

نیتن یاہو نے سعودی عرب کے دورے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات سے متعلق افواہوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے ایسی خبروں کی تردید کی گئی ہے

تصویر بشکریہ پریس ٹی وی
تصویر بشکریہ پریس ٹی وی
user

قومی آوازبیورو

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے سعودی عرب کے دورے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات سے متعلق افواہوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جبکہ سعودی عرب کی جانب سے ایسی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔

اسرائیل کے آرمی ریڈیو اور کان ریڈیو، دونوں نے یہ اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسف میرکوہن نے تل ابیب سے نیوم کا خفیہ دورہ کیا ہے اور وہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز نے بھی اس ملاقات کی اطلاع دی ہے۔


سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے نیوم کے ہوائی اڈے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا خیرمقدم کیا تھا اور انہیں وہیں سے رخصت کیا تھا۔ میں ان کی ولی عہد سے ملاقات میں بھی شریک تھا۔ وہاں کوئی اسرائیلی موجود نہیں تھا۔‘‘

انہوں نے الگ سے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’میں نے سیکریٹری مائیک پومپیو کے حالیہ دورہ کے موقع پر سعودی ولی عہد اور اسرائیلی عہدے داروں کے درمیان مبیّنہ ملاقات سے متعلق پریس رپورٹس ملاحظہ کی ہیں۔ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی اور جس ملاقات کا ذکر کیا جا رہا ہے، اس میں صرف امریکی اور سعودی عہدے دار موجود تھے۔‘‘


خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ذریعہ یہودی ریاست اور عرب ممالک کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے عمل پر اصرار کرنے کے بعد ہی اسرائیل - سعودی اجلاس کی افواہیں پھیل گئی تھیں۔ شہزادہ فیصل فروری میں بھی سعودی ولی عہد اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔