مظفر پور شیلٹر ہوم کیس: برجیش ٹھاکر مجرم قرار، سزا کا اعلان 28 جنوری کو

بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم معاملے میں دہلی واقع ساکیت کورٹ نے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو قصوروار قرار دیا ہے۔ جنسی استحصال کے معاملے میں کورٹ نے 20 ملزمان میں سے 19 کو مجرم قرار دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم معاملے میں دہلی واقع ساکیت کورٹ نے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو قصوروار قرار دیا ہے۔ جنسی استحصال کے معاملے میں عدالت نے 20 ملزمین میں سے 19 کو قصوروار پایا۔ عدالت سزا کا اعلان 28 جنوری کو کرے گی۔ برجیش ٹھاکر پر نابالغ بچیوں اور لڑکیوں کے جنسی استحصال کے الزام تھے۔ ساکیت کورٹ نے برجیش ٹھاکر کو پوکسو قانون کے تحت سنگین جنسی استحصال اور اجتماعی عصمت دری کا قصوروار پایا۔ وہیں عدالت نے ایک ملزم کو بری کر دیا ہے۔ برجیش ٹھاکر کے شیلٹر ہوم ’سیوا سنکلپ ایوم وکاس سمیتی‘ میں کچھ لڑکیوں کے ساتھ مبینہ جنسی اور جسمانی استحصال کا معاملہ 2018 میں سامنے آیا تھا۔


یہ پورا معاملہ بہار کے شیلٹر ہوم میں نابالغ بچیوں اور لڑکیوں سے عصمت دری سے جڑا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اس پورے معاملے کی سماعت دہلی کی ساکیت ضلع عدالت میں پوری ہوئی ہے۔ یہ معاملہ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس کی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد سرخیوں میں آیا تھا۔ اس میں اہم ملزم کے طور پر برجیش ٹھاکر کا نام سامنے آیا جو بہار حکومت کے بے حد قریب تھا۔ ساکیت عدالت نے برجیش ٹھاکر سمیت 19 ملزمین کے خلاف پوکسو، عصمت دری، مجرمانہ سازش جیسی دفعات میں الزام طے کیے۔ سی بی آئی نے بھی معاملے میں اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو ہی بنایا۔ سی بی آئی نے عدالت میں داخل اپنی چارج شیٹ میں بتایا کہ جس شیلٹر ہوم میں بچیوں کے ساتھ عصمت دری ہوتی رہی اس کو برجیش ٹھاکر ہی چلا رہا تھا۔

برجیش ٹھاکر نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے کئی سازشیں کیں لیکن وہ خود کو بچا نہیں سکا۔ مظفر پور شیلٹر ہوم کے اہم ملزم نے گواہوں کی گواہی کو بھروسے لائق نہیں بتاتے ہوئے عدالت میں ایک عرضی بھی داخل کی تھی، جسے عدالت نے ہفتہ کے روز خارج کر دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔