حوثی باغیوں کا داغا گیا میزائل تباہ کر دیا گیا: سعودی عرب

عرب اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ہفتے کی شب یمن سے حوثی باغیوں کا الریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیا

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

الریاض: عرب اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ہفتے کی شب یمن سے حوثی باغیوں کا الریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ عرب اتحاد نے بیلسٹک میزائل کے اس حملے سے قبل ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے بارود سے لدے ایک ڈرون کو بھی فضا ہی میں ناکارہ بنا دینے کا دعوی کیا تھا۔

سعودی دارالحکومت الریاض پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کے اس حملے کو ناکام بنانے کے بعد عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یمن کی صورت حال کو مانیٹر کر رہا ہے اور وہ حوثیوں کی میزائل اور ڈرون داغنے کی کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ہفتے کی شب بارود سے لدے متعدد ڈرون سعودی عرب کی جانب چھوڑے ہیں۔ ان میں سے ایک سعودی شہر جازان کی جانب آرہا تھا مگر اس کو کسی ہدف پر گرنے سے قبل ہی سراغ لگا کر تباہ کر دیا گیا۔


عرب اتحاد نے حوثیوں کے الریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل سے قبل گذشتہ 24 گھنٹے میں چار اور حملوں کو ناکام بنایا ہے۔ حوثی ملیشیا نے ان ڈرون اور میزائل حملوں میں سعودی عرب کے جنوبی شہروں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن عرب اتحاد نے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کو کسی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔

عرب اتحاد کےترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کی یہ کارروائیاں اور ان کے ذریعے جان بوجھ کر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں اور شہری اہداف کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔