کیا امریکہ نے ایران کے ضبط شدہ ٹینکروں سے تیل نکالا تھا؟

خام تیل ایران سے براہ راست نہیں منگوایا گیا بلکہ یہ غیرقانونی ٹینکروں سے حاصل کیا گیا تھا اورامریکہ نے اس کی ایران کو کوئی قیمت بھی ادا نہیں کی ہے۔

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی خبر کے مطابق امریکہ نے مارچ میں ایران سے خام تیل درآمد نہیں کیا تھا بلکہ اس نے ضبط شدہ ٹینکروں سے یہ لیا تھا۔ اس نے ذرائع کے حوالہ سے تحریر کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے گزشتہ مہینوں کے دوران میں بین الاقوامی پانیوں میں ان ایرانی جہازوں کوضبط کیا تھا۔

اس تمام معاملے میں الجھاؤ یعنی کنفیوژن امریکہ کی توانائی اطلاعاتی انتظامیہ کی ایک حالیہ رپورٹ سے پیدا ہوا ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ امریکہ نے 10 لاکھ 33 ہزار بیرل خام ایرانی تیل درآمد کیا ہے۔لیکن ایک ذریعہ نے العربیہ کو بتایا ہے کہ یہ خام تیل ایران سے براہ راست نہیں منگوایا گیا بلکہ یہ غیرقانونی ٹینکروں سے حاصل کیا گیا تھا اورامریکہ نے اس کی ایران کو کوئی قیمت بھی ادا نہیں کی ہے۔


العربیہ پر شائع رپورٹ کے مطابق امریکی فورسز نے فروری میں متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے نزدیک ایک تیل بردار جہاز پرقبضہ کیا تھا اور پھر اس کو امریکہ منتقل کردیا تھا۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے قبل ازیں یہ رپورٹ دی تھی کہ امریکہ نے 1991ء کے بعد پہلی مرتبہ ایران سے خام تیل درآمد کیا تھا اور یہ سوال اٹھایا تھا کہ کیا بائیڈن انتظامیہ نے ایسا کرکے ایران کے شعبہ توانائی پر امریکا کی عاید کردہ پابندیوں سے سرموانحراف کیا ہے۔


تاہم امریکہ کے ایک ذریعہ نے العربیہ کو بتایا کہ محکمہ خزانہ نے ایران کے تیل بردارجہازوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا لیکن ایران کو ان کی کوئی قیمت منتقل نہیں کی ہے۔امریکہ نے خود اس سے پہلے یہ کہا تھا کہ اس نے گزشتہ سال ایران کے ضبط کردہ 10 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل کو فروخت کردیا تھا۔

دریں اثناء یہ میڈیا رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ ایران وینزویلا کی جانب دو بحری جہاز بھیج رہا ہے۔ان میں سے ایک تیل سے لدا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2021, 7:11 AM
/* */