سعودی عرب کے معروف سرمایہ کار صالح کامل کا انتقال

کامل ان سعودی کاروباری شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے میڈیا کے میدان میں سرمایہ کاری کی۔ اس حوالے سے مشہور عرب ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن (اے آر ٹی) ان کا ایک کامیاب تجربہ رہا۔

ارب پتی سرمایہ کار صالح کامل انتقال کر گئے
ارب پتی سرمایہ کار صالح کامل انتقال کر گئے
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب کی معروف کاروباری شخصیت صالح بن عبد الله كامل پیر کے روز 79 برس کی عمر میں فوت ہو گئے۔ وہ طویل عرصے سے اپنی بیماری کا مقابلہ کر رہے تھے۔ صالح عبد الله كامل کا شمار سعودی عرب کے نمایاں ترین کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں میں ہوتا تھا۔

صالح بن عبد الله كامل نے متعدد سیکٹروں میں سرمایہ کاری کی جن میں اہم ترین انویسٹمنٹ سیکٹر ہے۔ عرب ممالک میں "دلة البركة" گروپ اپنی کثیر سرگرمیوں کے سبب اچھی طرح سے جانا جاتا ہے۔ اس گروپ کے زیر انتظام ترقیاتی سرمایہ کاری سے متعلق ادارے اور کمپنیاں موجود ہیں۔ گروپ کی نمایاں ترین سرگرمیاں اسلامی بینکنگ کے سیکٹر میں ہیں۔


کامل ان سعودی کاروباری شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے میڈیا کے میدان میں سرمایہ کاری کی۔ اس حوالے سے مشہور عرب ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن (اے آر ٹی) ایک کامیاب تجربہ رہا۔ وہ سعودی عرب کے ایک جدید ترین اخبار "مکہ" کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ کامل اپنی وفات تک اخبار کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین رہے۔

کامل نے جدہ میں ایوان تجارت و صنعت کی صدارت بھی سنبھالی۔ بیرونی سطح پر بھی کامل متعدد تنظیموں اور اداروں کے سربراہ رہے۔ ان میں اسلامی بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جنرل کونسل کا مینجمنٹ بورڈ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کی مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی رہے۔


صالح کامل کا شمار سعودی عرب کی دولت مند ترین کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کی دولت کا اندازہ 8 ارب ریال (2.3 ارب ڈالر) لگایا گیا ہے۔ وہ بہت سے سیکٹروں اور اقتصادی سرگرمیوں میں مصروف عمل رہے جن میں اسلامی بینکنگ شامل ہے۔ وہ عرب دنیا کی اُن معروف ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جو روایتی بینکنگ کو اسلامی بینکنگ میں تبدیل کرنے کی پُر زور داعی شمار ہوتی ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔