سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے لی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک

ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ آج شاہ سلمان کو ان کی خواہش کے مطابق ویکسین لگائی گئی ہے۔ ان کی جانب سے یہ اقدام اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ریاست کی پالیسی ہمیشہ وبا کی روک تھام پر مرکوز رہی ہے۔

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

الریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو نیوم شہر میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے وبا کے آغاز سے اب تک مملکت کی سرزمین پر شہری اور مقیم افراد کی صحت اور ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ آج خادم الحرمین الشریفین کو ان کی خواہش کے مطابق ویکسین لگائی گئی ہے۔ ان کی جانب سے یہ اقدام اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ علاج سے پہلے ہی ریاست کی پالیسی ہمیشہ وبا کی روک تھام پر مرکوز رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبدالعالی نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ تغیر پذیر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں تبدیل شدہ وائرس سے 10 متاثرہ افراد کی تشخیص کی ہے۔ ہم ان کے ساتھ رابطے میں آنے والے تمام افراد کا سراغ لگا لیا ہے۔ ان میں سے کسی میں بھی انفیکشن نہیں پایا گیا ہے۔ مزید برآں انہوں نے زور دے کر کہا کہ کورونا وائرس میں تبدیلی آ رہی ہے۔ سائنس دانوں اور ماہرین نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں تغیرات کی نگرانی کی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کووِڈ-19 کی ویکسین دوسری مرتبہ لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے آن لائن ’’صحت پاسپورٹ‘‘ کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ یہ نیا ’’صحت پاسپورٹ‘‘ سعودی عرب کی وزارت صحت نے سعودی اتھارٹی برائے ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (سدایا) کے تعاون سے تیار کیا ہے۔


سدایا کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ شرف نے جمعرات کے روز وزیر صحت کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ ’’کووِڈ-19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والے شخص کو چند سیکنڈز ہی میں توکلنا ایپ پر خودکار طریقے سے صحت پاسپورٹ جاری ہوجائے گا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کاوشوں کے حصے کے طور پر ’’صحت پاسپورٹ‘‘ جاری کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر وزیرصحت نے کہا کہ صحت پاسپورٹ سے حکام کو ویکسین لگوانے والے افراد کی شناخت میں مدد ملے گی۔

سدایا کا تیار کردہ ایپ ’توکلنا‘ وزارتِ صحت سے منظور شدہ ہے۔ اس ایپ کو متعارف کرانے کا مقصد کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متاثرہ افراد کی نگرانی کرنا تھا۔ گزشتہ سال سعودی عرب نے اس مہلک وائرس کی وبا کے عروج کے دنوں میں شہریوں میں کرفیو نافذ کیا تھا اور اس دوران میں توکلنا ایپ ہی کے ذریعے لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کی جاتی رہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔