اسرائیل کا پہلا سرکاری تجارتی وفد امارات وارد، بڑے بینک کے سربراہ کی آمد

اسرائیل سے پہلا سرکاری تجارتی وفد متحدہ عرب امارات پہنچ گیا ہے، اس وفد میں اسرائیل کے سب سے بڑے بنک ہاپوالیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈوف کوٹلربھی شامل ہیں

اسرائیل کا پہلا سرکاری تجارتی وفد امارات وارد
اسرائیل کا پہلا سرکاری تجارتی وفد امارات وارد
user

قومی آوازبیورو

دبئی: متحدہ عرب امارات سے تجارت تعلقات قائم کرنے کے لئے اسرائیل کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ کی قیادت میں ایک تجارتی وفد دو روزہ دورے پر امارات پہنچ گیا۔ اسرائیلی بینک کے ایک ترجمان کے مطابق اس دو روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں وفد دبئی میں بینکاروں اور کاروباری شخصیات سےملاقاتیں کرے گا۔ اس کے بعد ابوظہبی پہنچے گا۔

اسرائیلی بینک ہیپاؤلم کے سربراہ ڈوف کوٹلر کی قیادت میں ہائی ٹیک، فنانس ٹیکنالوجی اور صنعت سے وابستہ لوگوں پر مشتمل یہ وفد امارات کا پہلا کاروباری دورہ کر رہا ہے۔ کوٹلر نے اس دورے کو مستقبل میں وسیع توقعات کے لیے پہلا قدم اور سنگ میل قرار دیا۔

نجی طیارے میں دبئی روانہ ہونے سے قبل انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ بینکوں کے سربراہوں اور معاشی ماہرین کے درمیان امکانی رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان راست کاروبار کی راہ ہموار ہوگی۔ خبروں کے مطابق اسرائیل کے بینک لیومی کے سربراہ کی قیادت میں ایک اور وفد 14 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گا۔

اسرائیل کے وزیر برائے سراغرسانی ایلی کوہن نے گذشتہ سوموار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آیندہ تین سے پانچ سال کے دوران میں دوطرفہ تجارت کا حجم چار ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے 13 اگست کو تعلقات قائم کرنے کے لیے معاہدہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی روشنی میں 29 اگست کو ایک فرمان جاری کیا تھا ،اس کے تحت اسرائیل کے معاشی بائیکاٹ سے متعلق یو اے ای کے قانون کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔