اسرائیلی فوج کا غزہ میں حماس کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر دھاوا

جنگ کے دوران غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 22,000 تک پہنچ گئی اور فوج نے یہ بھی کہا کہ اس کی فورسز نے خان یونس شہر کے قلب میں حماس کے فوجی ہیڈکوارٹر پر چھاپہ مارا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اسرائیل نے لڑائیوں میں اضافے اور زمینی دراندازی میں توسیع کے ساتھ وسطی اور جنوبی غزہ پر اپنی بمباری تیز کردی ہے۔غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21,672 ہو گئی ہے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 65,000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔

فلسطینی میڈیا نے بھی وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات اور المغازی کیمپوں میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع دی ہے۔جنوبی غزہ کی پٹی کے خان یونس شہر کے وسط اور جنوب میں جنگی جہازوں اور ٹینکوں سے شدید حملے کیے۔فلسطینی میڈیا نے رفح کراسنگ کے مشرق میں اور شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ پر بھاری اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کی اطلاع دی۔


ادھرعوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے مطابق غزہ میں جنگی قیدی بنائے گئے ایک فوجی کی بازیابی کی کوشش کے دوران اسرائیلی بمباری میں اس کی ہلاکت نے اسرائیلی فوج کو ایک بار پھر مشکل میں ڈال دیا۔اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کے دو فوجی غزہ کی لڑائی میں مارے گئے۔

فوج نے یہ بھی کہا کہ اس کی فورسز نے خان یونس شہر کے قلب میں حماس کے فوجی ہیڈکوارٹر پر چھاپہ مارا، جس میں ملٹری انٹیلی جنس سروس کا خصوصی آپریشن روم بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہےکہ یہ آپریشن کنٹرول روم خطے میں تمام انٹیلی جنس کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔


فوج کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس آپریشنز روم خطے میں حماس کی تمام انٹیلی جنس کارروائیوں کا ذمہ دار ہے۔ اس حملے میں فوج کو قیمتی دستاویزات ملی ہیں۔ حماس کے احاطے میں اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والا ایک اور آپریشن روم بھی ملا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 98ویں ڈویژن کے فائر سسٹم نے فضائیہ کے تعاون سے اس علاقے پر زمینی افواج کے حملے کی تیاری کے لیے مختلف اہداف پر تقریباً 50 فضائی حملے کیے جن میں زیر زمین اہداف اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر 85 دنوں سے جاری جنگ میں زمینی آپریشن اور فضائی حملے دکھائے گئے ہیں۔


دوسری جانب اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے اطلاع دی ہے کہ وہ خان یونس کے شمال اور مشرق کی جانب پیش قدمی کے اگلے مورچوں پر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ادھر حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں دراندازی کے علاقوں میں مارٹر گولوں سے اسرائیلی فورسز کو نشانہ بنایا۔

القسام بریگیڈز نے مزید کہا کہ انہوں نے وسطی غزہ کی پٹی میں البریج مہاجر کیمپ کے شمال میں ایک فوجی کیریئر اور ایک ٹینک کو تباہ کر دیا۔ القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے غزہ شہر کے شیخ رضوان محلے میں قابض فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 20 سے زائد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کیا۔ (بشکریہ العربیہ ڈٓاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔