غزہ: اسرائیلی فوج کا زیتون محلے سے انخلاء کا حکم

زیتون محلے میں اسرائیلی فوج نے کئی رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا، جبکہ اسی دوران جنگی طیاروں نے جنوبی شہر خان یونس پر متعدد فضائی حملے کیے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

شدید عسکری کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح غزہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے زیتون کے رہائشیوں کو فوری طور پر گھروں سے نکلنے کا حکم دیا، جبکہ گھروں کی تباہی اور فضائی حملے مسلسل جاری ہیں۔

اسرائیلی فوج کی بمباری اور توپ خانے کی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ کی مختلف جگہوں پر کئی شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار کے مطابق رفح کے مغربی حصے میں ایک فضائی حملے میں تین عام شہری ہلاک ہوئے۔


زیتون محلے میں اسرائیلی فوج نے کئی رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا، جبکہ اسی دوران جنگی طیاروں نے جنوبی شہر خان یونس پر متعدد فضائی حملے کیے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 61 ہزار 776 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 1 لاکھ 54 ہزار 906 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیلی فوج مرحلہ وار غزہ شہر پر مکمل قبضے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔دریں اثنا عالمی اور اقوام متحدہ کی سطح پر جنگ کے پھیلاؤ کے خطرات پر شدید تشویش اور مذمت کی جا رہی ہے۔ محاصرے میں گھرے غزہ میں انسانی صورتحال بدترین ہو چکی ہے، غذائی اور طبی امداد نہ ہونے کے برابر ہے اور محفوظ مقامات کا فقدان ایک بڑے المیے کا پیش خیمہ بن رہا ہے۔ (بشکریہ نیوز پورٹل العربیہ ڈاٹ نیٹ، اردو)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔