پانچواں ون ڈے: خواجہ کی سنچری، آسٹریلیا کے 272 رن

سلامی بلے باز عثمان خواجہ (100) کی سیریز میں دوسری سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں نو وکٹ پر 272 رن کا چیلنجنگ اسکور بنا لیا۔

تصویر /&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر /@BCCI
user

یو این آئی

نئی دہلی: سلامی بلے باز عثمان خواجہ (100) کی سیریز میں دوسری سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں نو وکٹ پر 272 رن کا چیلنجنگ اسکور بنا لیا۔

خواجہ نے 106 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 100 رن بنائے۔ان کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا ئی ٹیم ایک وقت 33 ویں اوور میں ایک وکٹ پر 175 رن بنا کر کافی مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سات رن کے وقفے میں تین وکٹ حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو مزید رن بنانے سے روک دیا۔

ہندوستان نے 54 رنز کے وقفے میں چھ وکٹ حاصل کرکے آسٹریلیا کا اسکور سات وکٹ پر 229 رنز کر دیا. لیکن اننگز کے 48 ویں اوور میں جسپريت بمراه کی گیندوں پر بنے 19 رنز نے آسٹریلیا کی پوزیشن بہتر بنادی اور اس نے 50 اوور تک 272 رنز بنا لئے۔ آسٹریلیا کی اننگز میں پیٹر هینڈسكامب کے 52، کپتان آرون فنچ کے 27 اور بلے باز جےرچرڈسن کے 29 رنز کا بھی تعاون رہا۔

ہندوستان کی طرف سے بھونیشور کمار 10 اوور میں 48 رن پر تین وکٹ کے ساتھ کامیاب گیندباز رہے۔ محمد سمیع کو نو اوور میں 57 رن پر دو وکٹ، لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو 10 اوور میں 45 رن پر دو وکٹ اور چائنامین گیندبازکلدیپ یادو کو 74 رن پر ایک وکٹ ملا۔ بمراه کو 10 اوور میں 39 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں ملا۔

آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ زبردست فارم میں کھیل رہے عثمان خواجہ اور فنچ نے پہلے وکٹ کے لئے 14.3 اوور میں 76 رن جوڑ کر آسٹریلیا کو شاندار شروعات دی۔ دونوں بلے بازوں نے ہندوستانی تیز اور اسپن گیند بازوں کا بخوبی سامنا کیا۔ دونوں نے سیریز میں تیسری بار 50 رنز سے زیادہ کی شراکت کی۔

ہندوستان کو پہلی کامیابی لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے دلائی۔ جڈیجہ کو اس میچ میں لیگ اسپنر يجویندر چہل کی جگہ آخری الیون میں شامل کیا گیا تھا۔ جڈیجہ نے فنچ کو اپنی عمدہ گیند پر بولڈ کیا۔ فنچ نے 43 گیندوں پر 27 رنز میں چار چوکے لگائے۔ خواجہ نے دوسرے وکٹ کے لئے پیٹر هینڈسكامب کے ساتھ 111 گیندوں پر 99 رن کی ساجھےداری کی۔ خواجہ نے اپنے 50 رن 48 گیندوں اور 100 رنز 102 گیندوں میں پورے کئے۔

بھونیشور کمار کی گیند پر خواجہ کا کیچ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے لیا۔ خواجہ نے 106 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز میں 10 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ آسٹریلیا کا دوسرا وکٹ 175 کے اسکور پر گرا۔ آل راؤنڈر گلین میکسویل آنے کے ساتھ ہی جڈیجہ کا شکار بن گئے۔میکسویل نے ایک رن بنایا اور ان کا کیچ بھی وراٹ نے حاصل کیا۔

هینڈسكامب اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد محمد سمیع کا شکار بن گئے۔ ان کا کیچ وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں میں گیا۔ انہوں نے 60 گیندوں پر 52 رن میں چار چوکے لگائے اور آسٹریلیا نے اپنا چوتھا وکٹ 182 کے اسکور پر گنوا دیا۔

جڈیجہ نے متاثر کن گیندبازی کی اور 10 اوور میں 45 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔کلدیپ نے اپنے آخری اوور میں ایشٹن ٹرنر کا وکٹ لیا۔ ٹرنر نے 20 گیندوں میں 20 رن بنائے۔ کلدیپ نے 10 اوور میں 74 رنز پر ایک وکٹ لیا۔ بھونیشور نے مارکس اسٹينس کو بولڈ کیا۔ا سٹينس نے 27 گیندوں میں 20 رن بنائے اور آسٹریلیا کا وکٹ 225 کے اسکور پر گرا۔ رچرڈسن نے 21 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 29 اور پیٹ کمنز نے آٹھ گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 15 رن بنائے۔ رچرڈسن آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔