سعودی عرب میں حوثی باغیوں کا تیل کی تنصیبات پر حملہ، امریکہ کی شدید مذمت

عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے جدہ میں تیل کی تنصیبات پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو کنوؤں میں آگ لگ گئی۔حملے کے بعد زوردار دھماکہ بھی سنا گیا

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

اریاض: عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے جدہ میں تیل کی تنصیبات پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو کنوؤں میں آگ لگ گئی۔حملے کے بعد زوردار دھماکہ بھی سنا گیا۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا اور اس پر قابوپا لیا گیا۔

دوسری جانب عرب اتحاد نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کونشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں کے 9 ڈرونز تباہ کر دئیے۔ عرب اتحاد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حوثی باغیوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے جنوبی،مشرقی اوروسطی علاقوں پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی کارروائیاں خطے اورعالمی امن کے لئے مسلسل خطرہ ہیں۔


امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

سلیوان نے جمعہ کو کہا ’’ہم حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے جدہ آئل ڈپو سمیت جازان، نجران اور ظہران میں شہری انفراسٹرکچر پر حملہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے جس کا مقصد یمنی عوام کو مزید مصائب میں مبتلا کرنا ہے‘‘۔

سلیوان نے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کے ذریعے تنازعات کو کم کرنے کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا اور حوثیوں کے حملوں سے اپنے علاقے کا دفاع کرنے والے اتحادیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ حملے واضح طور پر ایران کی طرف سے یمن میں ہتھیاروں کی درآمد پر پابندی والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئے جا رہے ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔