اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جلد اعلی سطحی مذاکرات شروع ہونے کی امید

ہندستان نے غزہ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیااور تمام فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے کی اپیل کی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ہندستان نے غزہ پٹی میں حال میں کشیدگی میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو تمام فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے اور ایسے کاموں سے دور رہنے کے لے کہا جو خطے میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں۔

خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے مغربی ایشیا امن عمل پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کو مدد اور دیگر ضروری اشیا کی باقاعدہ اور متوقع منتقلی کی ہندستان کی اپیل کی تصدیق کی تاکہ انسانی صورتحال میں بہتری ہوسکے۔ انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جلد اعلی سطحی مذاکرات شروع ہونے کی بھی امید ظاہر کی جس سے تمام امور کو حل کرنے کا بہتر موقع مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان امن عمل بحال کرنے کی مکمل حمایت کرے گا۔


مسٹر شرنگلا نے کہاکہ ہندستان محفوظ، تسلیم شدہ اورباہمی اتفاق شدہ سرحدوں کے اندر امن اور سلامتی میں اسرائیل کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکرایک خودمختار، آزاد اور قابل عمل فلسطین کے قیام کے لئے ہمارے دیرینہ اور مضبوط عزم کے پیش نظر امن کے عمل کو پھر سے شروع کرنے کی کوشش کی مکمل طورپر حمایت کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہندستان غزہ پٹی میں اشیا کے داخلہ پر پابندیوں میں نرمی پر غور کررہا ہے اور فلسطنیوں کی اس راحت تک بروقت رسائی یقینی بنانے کے لئے تمام فریقین سے مل کر کام کرنے کی درخواست کرتا ہے۔


مسٹر شرنگلا نے کہاکہ ہندستان لڑائی کے فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے اور ایسے کاموں سے دور کرنے کی اپیل کرتا ہے جو کشیدگی میں اضافہ کرسکتے ہیں اور سیکورٹی کی صورتحال کو خراب کرسکتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ اور علاقائی ممالک کی جانب سے ایک اور فوجی جنگ تنازعہ کو بڑھنے سے روکنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندستان ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو فلسطینی لوگوں کی سماجی۔اقتصادی ترقی کے لئے زیادہ مواقع پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے فلسطین کے ساتھ ہندستان کی ترقیاتی تعاون کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان نے اسکولوں کی تعمیر، آئی سی ٹی اور پروفیشنل ٹریننگ سنٹر، ایک تکنالوجی پارک اور ایک قومی پرنٹنگ پریس قائم کرنے میں مدد کی ہے اور فلسطین میں کئی دیگر فوری اثرات والے کمیونٹی پروجیکٹوں کی بھی حمایت کررہا ہے۔


انہوں نے کہاکہ غزہ پٹی میں ضرورت مند فلسطینی کنبوں کو نقد مدد پھر سے شروع کرنے کے لئے حال میں ہوا معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ یہ ان کنبوں کو بہت ضروری مدد فراہم کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔