آہ... ہندی کی مشہور مصنفہ کرشنا سوبتی دنیائے فانی سے کوچ کر گئیں

ہندی کے معروف شاعر اشوک واجپئی نے کرشنا سوبتی کے انتقال کو ہندی ادب کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ ان کی کمی عرصے تک محسوس کی جائے گی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ ہندی کی مشہور مصنفہ کرشنا سوبتي کا جمعہ کو انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 94 برس تھی۔ ہندی کے معروف شاعر اورثقافتی کارکن اشوک واجپئی نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ محترمہ سوبتی کا آج صبح ساڑھے آٹھ بجے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہو گیا۔وہ کافی دنوں سے بیمارتھیں۔

مسٹرواجپئی نے بتایا کہ "اس عمر میں ناساز طبیعت کی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ اسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس دوران وہ صحت مند ہوکر گھر واپس آجاتی تھیں۔ لیکن اس بار ان کی طبیعت خراب ہوئی تو بہتر نہ ہو سکی۔ ان کا انتقال ہندی ادب کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ان کی کمی عرصے تک محسوس کی جائے گی"۔ ان کی آخری رسومات آج شام چار بجے نگم بودھ گھاٹ کے الیکٹرک شمشان گھر میں ادا کی جائیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ کرشنا سوبتی ہندی دنیا کی ان چند مصنفین میں شمار تھیں جنھیں دنیائے ادب کے تمام بڑے اعزاز سے نوازا جا چکا تھا۔ انھیں ملک کے سرکردہ اعزاز گیان پیٹھ ایوارڈ سے سال 2017 میں نوازا گیا تھا۔ کرشنا سوبتی کو 1980 میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کرشنا سوبتی کو پدم بھوشن، ویاس سمّان، شلاکا سمّان سے بھی نوازا گیا تھا۔

18 فروری 1924 کو گجرات (موجودہ پاکستان) میں کرشنا سوبتی کی پیدائش ہوئی تھی۔ وہ ایک ہمتی خاتون تھیں اور کھل کر اپنی بات اپنی تصنیفات کے ذریعہ لوگوں کے سامنے رکھتی تھیں۔ ان کی بے خوفی، کھلے پن اور لسانی تجربات کے لوگ قائل ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jan 2019, 2:09 PM