جو جنگ کی شروعات کرے گا وہ جنگ کا اختتام نہیں کرے گا: جواد ظریف

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں بلکہ پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا، ہم پر اعتماد ہیں کہ جو جنگ کی شروعات کرے گا وہ جنگ کا اختتام نہیں کرے گا اور جنگ کا آغاز ہم نہیں کریں گے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سعودی عرب کے آرامکو کے پلانٹوں پر ہونے والے حملوں کے درمیان ریاض اور تہران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں بلکہ پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا۔

امریکی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں جواد ظریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو ویزے جاری کرنا امریکہ کی ذمہ داری ہے، امریکہ نے مجھے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت سے روکنے کی پوری کوشش کی، ویزے کے ساتھ منسلک خط میں مجھے ویزے کے لئے نااہل قرار دیا گیا، مجھے ویزا کا اجرا، استثنیٰ کی بنیاد پر ہوا۔


ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں بلکہ پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا، ہم پر اعتماد ہیں کہ جو جنگ کی شروعات کرے گا وہ جنگ کا اختتام نہیں کرے گا اور جنگ کا آغاز ہم نہیں کریں گے۔

جواد ظریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے آرامکو کے تیل تنصیبات پر حملہ کامعاملہ غلط سمت کی طرف لے جایا جارہا ہے، ممکن ہے کہ ہم سعودی عرب تیل تنصیبات پر حملہ سے متعلق اقوام متحدہ کی تحقیقات کو قبول نہ کریں کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ کس بنیاد پراقوام متحدہ کےماہرین کو بھیجا گیا ہے، اقوام متحدہ نے تحقیقات کے لئے ماہرین بھیجنے پر ہم سے مشاورت نہیں کی، اقوام متحدہ نے غیرجانبدار تحقیقات کیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملہ ایران نے نہیں کیا۔


دوسری جانب ايرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر ميجر جنرل حسين سلامی نے بھی کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے ليے تيار ہیں ايران پر حملہ کرنے والا کوئی بھی ملک خود ميدان جنگ بن جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی دو بڑی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی البتہ امریکہ اور سعودی عرب نےاس کی ذمہ داری ایران پر ڈالی ہے، تاہم تہران اس حملہ کی بار بار تردید کررہاہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔