حجاج کے انتخاب کا معیار اس سال کیا ہوگا؟

عازمین میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری ہوں گے، سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے سوموار کو اس سال فریضۂ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کے انتخاب کے معیار کا اعلان کردیا ہے اور ان کے انتخاب میں صحت کے معیارات کو اوّلین ترجیح اور مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ عازمینِ حج میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔


حجاج کرام کا دوسرا معیار یہ ہوگا کہ صرف ان سعودی شہری اور غیرملکی طبی کارکنان اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو حج کی اجازت دی جائے گی جو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے مگر اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔ان کے انتخاب کو ترجیح دینے کا مقصد مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں ان کی شبانہ روز کاوشوں کو سراہنا اور ایک طرح سے انھیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

سعودی حکام کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں محاذاوّل پر خدمات انجام دینے والے ایسے ملازمین کے انتخاب کے لیے ڈیٹا بیس کو استعمال کریں گے جو خود بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے مگر بعد میں تن درست ہوگئے ہیں۔


عازمینِ حج کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے مندرجہ ذیل معیار پر پُورا اُترنا ہوگا:

انھیں پہلے سے کوئی بیماری لاحق نہ ہو۔

ان کے پاس پی سی آر کے ٹیسٹ کا سرٹی فکیٹ ہو اور اس میں ان کے نتائج منفی ظاہر ہورہے ہوں۔

ماضی میں فریضۂ حج ادا نہ کیا ہو۔

وزارتِ صحت کے فیصلے کے بعد انھیں فریضۂ حج ادا کرنے سے پہلے اور بعد میں مقررہ مدت کوارنٹائن میں گزارنا ہوگی۔

اس معیار پر پورا اترنے والے غیر سعودی اس لنک پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں:localhaj.haj.gov.sa

حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل کل پیر 6 جولائی سے شروع ہوگیا ہے اور یہ جمعہ 10 جولائی تک (پانچ روز) جاری رہے گا

وزارت حج وعمرہ نے وضاحت کی ہے کہ حج کے لیے غیر سعودیوں کا انتخاب ایک الیکٹرانک نظام کے ذریعے بے ترتیب اٹکل پچو انداز سے کیا جائے گا۔ اس طریقے سے جو عازمین منتخب ہوجاتے ہیں،انھیں نوٹی فکیشن کے بعد مقررہ تاریخ تک تمام درکار دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

(بشکریہ،العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jul 2020, 8:01 AM
/* */