کورونا بحران: حرمین شریفین میں روبوٹ کے ذریعہ آب زم زم کی تقسیم، ’10 منٹ میں 30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کرتا ہے‘

کورونا وبا کے دور میں مکہ مکرمہ میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم کا کام شروع کرایا ہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

الریاض: کورونا وبا کے دور میں مکہ مکرمہ میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم کا کام شروع کرایا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکریٹری ادارہ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا کہ اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے۔ انسانی معاونت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم کی بدولت کارکنان بھی وائرس لگنے سے محفوظ رہتے ہیں اور زائرین کو بھی تحفظ حاصل رہتا ہے۔

اللقمانی نے کہا کہ روبوٹ دس منٹ میں ایک چکر پورا کرتا ہے۔ اس دوران 30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کر دیتا ہے۔ روبوٹ 8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے۔ آب زم زم کی بوتل لینے کے لیے 20 سیکنڈ انتظار کرتا ہے۔ زائرین سے نہ تو الجھتا ہے اور نہ ہی نقل و حرکت میں تعطل پیدا کرتا ہے۔


اللقمانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں اسمارٹ روبوٹ سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھانے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اس سے اور بھی متعدد خدمات لی جائیں گی۔ اللقمانی نے توجہ دلائی کہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں جو کچھ بھی نیا آ رہا ہے ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے مسجد الحرام اور اس کے زائرین کی خدمت کی جائے۔

آب زم زم کی سبیل کے سلسلے میں بھی ایسی ٹونٹیاں لگائی جا رہی ہیں جو چھوئے بغیر ریموٹ سینس سے کام کرتی ہوں۔ خیال رہے حج موسم کے علاوہ بھی آب زم زم کی بوتلیں یومیہ ہزاروں کی تعداد میں تقسیم کی جاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔