گرمی کی شدت میں وقوفِ عرفہ: میدانِ عرفات میں حجاج کرام کے لیے سایہ، پانی اور ٹھنڈک کے غیر معمولی انتظامات
عرفات میں شدید گرمی کے پیشِ نظر سعودی انتظامیہ نے سایہ دار خیمے، اسپرے پنکھے، پانی کے کولر اور میڈیکل پوائنٹس جیسے اقدامات سے حجاج کرام کو راحت پہنچانے کی کوشش کی ہے

میدانِ عرفات، مکہ مکرمہ: یومِ عرفہ کے موقع پر جب لاکھوں حجاج وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہیں، موسم کی شدت نے آزمائش کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ سورج کی تمازت اور درجہ حرارت کے بڑھتے اثرات کے باوجود سعودی حکام کی جانب سے کیے گئے غیر معمولی انتظامات حجاج کو سہولت پہنچا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ذی الحجہ کی نو تاریخ کو سورج نصف النہار سے گزرتے ہی درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے متجاوز ہو گیا۔ ایسے حالات میں ’کدانہ‘ کمپنی سمیت دیگر اداروں نے حجاج کرام کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے سایہ دار جگہوں، ٹھنڈک پہنچانے والے آلات اور پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا۔
مسجد نمرہ کے ارد گرد کے 85 ہزار مربع میٹر رقبے پر چھتریوں کا جال بچھا دیا گیا ہے، جن کی تعداد 320 سے زیادہ ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ 350 واٹر اسپرے ستون نصب کیے گئے ہیں جو حجاج کرام پر مسلسل پانی کا ہلکا چھڑکاؤ کرتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ماحول میں نمی پیدا ہو رہی ہے بلکہ حجاج کرام کو گرمی کا احساس بھی کم ہو رہا ہے۔
مزید یہ کہ 60 ہزار مربع میٹر کے اضافی علاقے میں بھی اسپرے فینز، سایہ دار راہداریاں اور کولنگ زونز قائم کیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کو وقفے وقفے سے ٹھنڈا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، اور متعدد مقامات پر واٹر کولرز اور سٹیل کے جگ دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ موبائل کولنگ اسٹیشنز بھی مختلف خیموں کے قریب تعینات کیے گئے ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے عرفات میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی مراکز فعال کر رکھے ہیں جہاں ہیٹ اسٹروک یا تھکن سے متاثرہ حجاج کو فوری امداد دی جا رہی ہے۔ جبلِ رحمت کے قریب قائم اسپتال اور درجنوں ایمبولینس پوائنٹس ہمہ وقت الرٹ پر ہیں۔
ان تمام انتظامات کے باوجود گرمی کی شدت کی وجہ سے انتظامیہ نے حجاج کرام کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں، سایہ دار علاقوں میں رہیں، پانی کا استعمال جاری رکھیں اور اپنے ساتھ موجود سمارٹ ایپلیکیشنز سے رہنمائی لیتے رہیں۔
میدانِ عرفات میں موجود متعدد حجاج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتظامات کو "مثالی" اور "انتہائی مؤثر" قرار دیا۔ ان کے مطابق سعودی حکومت نے نہ صرف عبادت کے لیے سہولت دی ہے بلکہ حجاج کرام کی صحت اور حفاظت کے پہلو کو بھی اولین ترجیح بنایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔