اماراتی قانون میں ترامیم، سرمایہ کاروں اور پیشہ وارانہ ماہرین کو شہریت کی پیش کش

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شہریت اور پاسپورٹ دینے سے متعلق قوانین میں ترامیم کی منظوری کا اعلان کیا ہے

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شہریت اور پاسپورٹ دینے سے متعلق قوانین میں ترامیم کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔

دبئی کے حکمراں نے آج صبح اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ "ریاست کے صدر (شیخ خلیفہ بن زائد آل نہیان) کی ہدایات پر آج قانونی ترامیم کو منظور کر لیا گیا ہے۔ نئی ترامیم کی رُو سے سرمایہ کاروں اور اعلی صلاحیتوں کے مالک سائنس دانوں، طبیبوں، انجینئروں، فن کاروں اور دانش وروں کو ان کے اہل خانہ سمیت اماراتی شہریت اور پاسپورٹ دیا جا سکے گا۔ اس کا مقصد ہمارے ترقی کے سفر میں بھرپور انداز سے شریک ذہنوں کو یہاں باقی رکھنا اور نئے ذہنوں کو کشش دلانا ہے"۔


شیخ محمد کے مطابق اماراتی شہریت کے حصول کے اہل افراد کی نامزدگی کابینہ، مقامی سرکاری دفاتر اور ایگزیکٹو کونسلوں کے ذریعے عمل میں آئے گی۔

دبئی کے حکمراں نے مزید کہا کہ "ہر طبقے کے لیے واضح معیارات وضع کیے گئے ہیں۔ قانون کے مطابق اہل افراد کو اپنی دیگر شہریت برقرار رکھنے کی اجازت ہو گی"۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔