جموں و کشمیر: تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھلے

پیر کی صبح شہر ودیہات کے سرکاری وغیر سرکاری اسکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران پریئر اور دعاؤں کی آوازیں فضا میں گونجنے لگیں اور بعد ازاں کلاس روموں میں بھی درس وتدریس کا سلسلہ شروع ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر اور جموں خطہ کے سرمائی زون میں پیر کے روز قریب تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے۔ پیر کی صبح بارشوں کے باوجود رنگ برنگی اسکولی وردیوں میں ملبوس طالب علموں نے جنہوں نے اپنے کندھوں پر کتابوں سے لدے ہوئے بیگ اور ہاتھوں میں ٹفن اور پانی کی بوتلیں اٹھا رکھی تھیں، کو اپنے اپنے اسکولوں کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ طالب علموں کی ایک بڑی تعداد کو اسکول بسوں کا انتظار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق ناسازگار موسم کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں طلباء کی حاضری بہت کم ریکارڈ کی گئی۔

پیر کی صبح شہر ودیہات کے سرکاری وغیر سرکاری اسکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران پریئر اور دعاؤں کی آوازیں فضا میں گونجنے لگیں اور بعد ازاں کلاس روموں میں بھی درس وتدریس کا سلسلہ شروع ہوا۔ اسکولوں میں جہاں اساتذہ کو بچوں کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا وہیں بچوں کو اپنے ہم جماعت طلباء اور دوسرے دوستوں کے ساتھ بغل گیر ہونے کے مناظر بھی دیکھے گئے۔ شہر کی سڑکوں پر اسکولی بسوں کی نقل وحرکت بحال ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام بھی دیکھا گیا۔

وادی اور جموں خطہ کے سرمائی زون میں تعلیمی ادارے گذشتہ برس کے دسمبر میں سرمائی تعطیلات کے لئے بند ہوئے تھے۔ اگرچہ تعلیمی اداروں کو 4 مارچ کو کھلنا تھا، تاہم 14 فروری کو ہوئے پلوامہ خودکش دھماکے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر سرمائی تعطیلات میں 10 مارچ تک توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق سرمائی تعطیلات میں توسیع موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کی گئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں رواں موسم سرما کے دوران ریکارڈ توڑ برف باری ہوئی۔

سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں بس کا انتظار کررہے سرفراز حسین نامی ایک طالب علم نے بتایا کہ 'میں بہت خوش ہوں کہ سرمائی تعطیلات کے بعد ہمارا اسکول کھل گیا ہے'۔ مذکورہ طالب علم کا کہنا تھا 'میں آج قریب اڑھائی ماہ کے بعد اپنے دوستوں کو دیکھوں گا۔ بہت خوشی ہورہی ہے کہ ہمارا اسکول کھل گیا'۔ ایک اور طالب علم کا کہنا تھا 'چھٹیوں کے دوران میں نے اسکول کا اسائنمنٹ مکمل کیا۔ اس کے علاوہ خوب کھیلا اور ٹی وی دیکھا'۔ انتظامیہ نے تمام تعلیمی اداروں کے تدریسی عملے کو 9 مارچ کو اپنے اپنے متعلقہ سکولوں میں حاضر رہ کر نئے سیشن کے آغاز کے سلسلے میں تیاریاں کرنے کے لئے کہا تھا۔

بتادیں کہ ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی جو کہ محکمہ تعلیم کے انچارج ہیں، نے 6 مارچ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کی سرمائی تعطیلات میں 9مارچ کے بعد مزید توسیع نہیں ہوگی اور تمام اسکول و کالج 11 مارچ کو کھلیں گے۔ میٹنگ میں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد، کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شیخ جاوید احمد، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر مشتاق احمد صدیقی اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈی آئی جی وسط کشمیر وی کے بردی ، ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ناظم تعلیم کشمیر محمدیونس ملک اور دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔ مشیر موصوف نے میٹنگ کے دوران سبھی امتحانات وقت مقررہ پر منعقد کرانے کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔