ابوظہبی میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن، جیتنے پر 2.25 ارب روپے سے زیادہ کا انعام

الظَّفْرَہ میلے میں اونٹوں کی خوب صورتی کے چار مقابلوں کے لیے انعامی رقم مجموعی طور پر تین کروڑ ڈالر (11 کروڑ اماراتی درہم) ہوگی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ
العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

ابوظہبی: امارت میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن 14 دسمبر سے شروع ہوگا اور یہ 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ پہلے اونٹوں کی خوبصورتی کا یہ مقابلہ 23 دسمبر سے شروع ہونا تھا لیکن اب اس کا نو دن قبل آغاز کیا جا رہا ہے۔

مدینۃ الزاید میں منعقد ہونے والا اونٹوں کا مقابلہ حسن سالانہ الظَّفْرَہ میلے کا حصہ ہے۔ اس میں حصہ لینے والے اونٹوں میں سے سب سے بہتر ہونے کا فیصلہ ان کی جسمانی خصوصیات کی بنا پر کیا جائے گا۔ اس میں اصیل اور مجاحیم کے خون سے تعلق رکھنے والے خالص نسل کے اونٹ حصہ لیں گے۔


الظَّفْرَہ میلے میں اونٹوں کی خوب صورتی کے چار مقابلوں کے لیے انعامی رقم مجموعی طور پر تین کروڑ ڈالر (11 کروڑ اماراتی درہم تقریباً 2256028617 روپے) ہوگی۔ ابوظہبی میڈیا آفس کے مطابق اونٹ میلے کے سرپرست ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کے بدوی ورثے کو فروغ دینے کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے۔

یہ میلہ فروخت کنندگان کو نیلامی اور انفرادی سودے بازی کے ذریعے اپنے خالص نسل کے اونٹوں کو بھاری قیمت پر بیچنے کاموقع بھی فراہم کرے گا۔ اونٹوں کے مقابلۂ حسن کے ساتھ ساتھ ٱلظَّفْرَہ میلے میں روایتی اماراتی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ بھی شامل ہوگا۔ اس میں شاہینوں کے مقابلے ہوں گے، تقریباً 300 عربی گھوڑے اور اونٹ دوڑ میں حصہ لیں گے۔ ان کے مختلف مقابلوں کے لیے 2700 سے زیادہ کے انعامات رکھے گئے ہیں۔


یہ میلہ 22 جنوری 2022 تک ابوظہبی کے مدینۃ الزاید میں جاری رہے گا۔ یہ اس سلسلے کا پندرھواں میلہ ہے اور یو ای اے کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پرمنعقد ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ خلیجی ریاستوں میں اونٹوں کے مقابلۂ حسن عام ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کے ذریعے اہل عرب اپنے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اس کو جدیدیت میں تبدیلی کے عمل سے خطرات لاحق ہیں۔

ہمسایہ ملک سعودی عرب بھی دارالحکومت الریاض سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں دنیا کے سب سے بڑے شاہ عبدالعزیز شُتر میلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ توقع ہے کہ انعام یافتگان مجموعی طور پر 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر (25 کروڑ سعودی ریال) اپنے گھر لے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔