تین ہزار اضافی امریکی فوجیوں کی سعودی عرب میں تعیناتی، ٹرمپ نے کانگرس کو آگاہ کیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگرس کو باضابطہ طور پر 3000 امریکی فوجیوں کو سعودی عرب بھیجنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے مبینہ سنگین خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس کے گرد و نواح کے علاقے میں سیکورٹی کو مستعد کرنے کے مقصد سے مغربی ایشیائی خطے میں اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کی ہدایت دی ہے۔

ٹرمپ نے منگل کے روز کانگریس کو خط لکھ کر کہا کہ ایران علاقے میں سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے خط میں سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر ہوئے حملوں کا بھی ذکر کیا۔ ٹرمپ نے کانگرس کو لکھے گئے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ’’ایران خاص طور پر تیل کی تنصیبات کو نشانہ بناکر خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے‘‘۔ الزام ہے کہ ایران کی مدد سے حوثیوں نے گذشتہ ستمبرمیں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔


سعودی عرب میں بھیجے جانے والی اضافی فورسز میں ریڈار اور میزائل سسٹم، ایک فضائی مہم ونگ اور دو جنگی اسكوڈرن شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے خطے کے دفاع کو مستحکم کرنے اور ایرانی اشتعال انگیزی کی روک تھام کے لیے امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا حکم دیا گیا ہے۔

صدر نے کانگرس کو لکھے گئے مکتوب میں کہا کہ پہلے سے موجود فوجیوں کے علاوہ سعودی عرب میں مزید تین ہزار امریکی فوجی تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اضافی سیکورٹی فورسز کا پہلا دستہ پہنچ گیا ہے جبکہ بقیہ فورس آنے والے ہفتوں میں پہنچ جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Nov 2019, 5:30 PM