
جے مینا، تصویر/آئی اے این ایس
ایشین گیمز 2026 میں ہندوستانی کھلاڑی جے مینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سافٹ ٹینس میں ہندوستان کے لیے کانسی کا تمغہ (برونز میڈل) جیت لیا۔ انہوں نے مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں فلپائن کے شیروِن نوگوئٹ کو 4-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل میں انہیں جاپان کے تاکویا کوروساکا کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سافٹ ٹینس میں سیمی فائنل تک پہنچنے والے تمام کھلاڑیوں کو میڈل ملتا ہے، اس لیے جے مینا نے سیمی فائنل میں شکست کے باوجود کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
جے مینا ہندوستان کے ابھرتے ہوئے سافٹ ٹینس کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2025 میں ایشین سافٹ ٹینس چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی اور اس ٹورنامنٹ میں میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی بنے تھے۔ ایشین گیمز 2026 میں بھی ان کی شاندار کارکردگی جاری رہی۔ انہوں نے گروپ مرحلے میں پاکستان کے کھلاڑی کو 4-0 سے شکست دی اور پھر مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ کر ہندوستان کے لیے سافٹ ٹینس کا پہلا ایشین گیمز میڈل یقینی بنایا۔
قابل ذکر ہے کہ جے مینا بین الاقوامی سطح پر بھی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ہانگژو ایشین گیمز میں مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور ٹیم ایونٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔ 2024 میں آدھیا تیواری کے ساتھ مل کر انہوں نے ورلڈ سافٹ ٹینس چمپئن شپ کے مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ 2025 کی ایشین سافٹ ٹینس چیمپئن شپ میں انہوں نے سنگلز میں کانسی سمیت مجموعی طور پر 4 تمغے جیتے اور ایسا کرنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔ وہ اپنے تیسرے ایشین گیمز میں حصہ لے رہے ہیں اور بہتر تیاری کے لیے احمد آباد اور جموں کے نیشنل کوچنگ کیمپس میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
ایشین گیمز 2026 میں جے مینا کا برونز میڈل ہندوستان کا مجموعی طور پر 10واں میڈل ہے۔ ہندوستان نے اب تک 1 گولڈ، 4 سلور اور 5 برونز میڈل جیتے ہیں۔
ایلاوینیل والاریوان، سونم مسکر اور ودھرسا ونود، ویمنز 10 میٹر رائفل ٹیم ایونٹ (نشانے بازی): سلور
ایلاوینیل والاریوان، ویمنز 10 میٹر ایئر رائفل: سلور
رودرانکش پاٹل، ہمانشو ڈھلوں اور پارتھ راکیش مانے، مینز 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ (نشانے بازی): سلور
سوچیکا تریال، ویمنز ٹریڈیشنل 60 کلوگرام (ایم ایم اے): برونز
رودرانکش پاٹل، مینز 10 میٹر ایئر رائفل: برونز
ہمانشو ڈھلوں، مینز 10 میٹر ایئر رائفل: سلور
خواتین کرکٹ ٹیم: گولڈ
رائزا ڈھلوں، ماہیشوری چوہان اور پریناز دھالیوال، (نشانے بازی، ویمنز اسکیٹ ٹیم ایونٹ): برونز
اننت جیت سنگھ ناروکا، معراج احمد خان اور بھاوتیج سنگھ گل، (نشانے بازی، مینز اسکیٹ ٹیم ایونٹ): برونز
جے مینا، سافٹ ٹینس: برونز
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔