کھیل

ہاکی ورلڈ کپ: ہندوستان نے پاکستان کو دی 5-3 سے شکست، اگلے راؤنڈ میں داخل

ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے پول ڈی مقابلے میں ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہندوستان نے شاندار کھیل پیش کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

 

ایمسٹلوین (نیدرلینڈز): ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے پول ڈی کے اہم مقابلے میں ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی۔ نیدرلینڈز کے ایمسٹلوین میں واقع ویگنر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں انڈین ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو زیادہ تر وقت دباؤ میں رکھا۔

ہندوستان نے میچ کا آغاز تیزی سے کیا اور چوتھے منٹ میں اسے پنالٹی کارنر ملا۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو پاکستان کے گول پوسٹ میں پہنچا کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

انڈین ٹیم نے 11ویں منٹ میں اپنی برتری دگنی کر دی۔ ابھیشیک کے شاندار پاس پر مندیپ سنگھ نے گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور پاکستان کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ دوسرے کوارٹر میں بھی ہندوستان نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ 20ویں منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر پر ایک بار پھر ہرمن پریت سنگھ نے گیند کو جال میں پہنچایا اور ہندوستان کی برتری 3-0 ہو گئی۔

اس کے بعد پاکستان نے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی اور 21ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کا کھاتا کھولا۔ تاہم پاکستان کی خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ دو منٹ بعد ابھیشیک نے ایک اور شاندار گول کر کے ہندوستان کی برتری 4-1 کر دی۔

24ویں منٹ میں پاکستان کو ایک اور کامیابی ملی، جب سفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے اسکور 4-2 کر دیا۔ اس مرحلے پر پاکستان نے میچ میں واپسی کی امید پیدا کی، لیکن ہندوستانی دفاع نے مسلسل دباؤ کے باوجود اپنی گرفت کمزور نہیں ہونے دی۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستان کے سکھجیت سنگھ کو گرین کارڈ بھی ملا، لیکن اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ 34ویں منٹ میں ہندوستان کو پنالٹی اسٹروک ملا، جسے ہاردک سنگھ نے گول میں تبدیل کر کے اسکور 5-2 کر دیا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے ایک بار پھر گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی۔ 45ویں منٹ میں ہنان شاہد نے اپنا دوسرا گول داغ کر پاکستان کا اسکور 3-5 کردیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے کئی حملے کیے، لیکن مزید کوئی گول نہ ہوسکا۔

ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے آخری لمحات میں پاکستان کو مزید گول کرنے کا موقع نہیں دیا اور 5-3 سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی، جبکہ شکست کے بعد پاکستان کا ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں سفر ختم ہوگیا۔

ورلڈ کپ میں اس مقابلے سے قبل ہندوستان نے ویلز کو 3-1 سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔