قاہرہ میں ٹینکر حادثہ کی وجہ بننے والے مشتبہ ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا، 31 افراد ہوئے تھے جاں بحق
ایک افسر نے بتایا کہ قاہرہ حادثہ میں 27 گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں اور 25 افراد زخمی ہوئے۔ سرکاری اٹارنی جنرل کے دفتر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

مصری حکام کے مطابق انہوں نے ایک تیز رفتار ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے، جس پر شبہ ہے کہ قاہرہ کے قریب ایک اہم شاہراہ پر ایندھن سے بھرا ٹینکر الٹ جانے کا سبب بنا۔ بھیڑ والے وقت میں پیش آئے اس حادثہ سے زبردست آگ لگ گئی تھی، جس میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ گزشتہ بدھ کی شام پیش آیا تھا، جس نے پورے ملک کو صدمے میں ڈال دیا تھا۔
قاہرہ حادثہ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں، جن میں ٹینکر اور 2 درجن سے زیادہ دیگر گاڑیوں سے اٹھتے ہوئے آگ کے بلند شعلے دکھائی دیے۔ یہ گاڑیاں کئی لین والی رنگ روڈ پر جگہ جگہ پھیلی ہوئی تھیں اور آگ کی زد میں آ چکی تھیں۔ اپنی گاڑیوں میں پھنسے ڈرائیور آگ سے بچنے کے لیے گھبراہٹ میں باہر نکل کر بھاگنے لگے۔ رنگ روڈ پر چلنے والی ہزاروں پبلک مائیکرو بسوں میں سے ایک کے ڈرائیور صلاح احمد نے بتایا کہ ’’یہ رنگ روڈ پر خدا کا دوزخ تھا۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ جب ٹینکر میں آگ لگی تو وہ بھی شاہراہ پر موجود تھے، لیکن ٹریفک جام کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ یہی چیز ان کی جان بچانے کا سبب بنی۔ جمعرات کو دیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’’لوگ اب بھی صدمے کی کیفیت میں ہیں۔‘‘
ایسوسی ایٹیڈ پریس کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی ویڈیو میں اوور پاس کے جلے ہوئے حصے اور سڑک کے کنارے پھیلے راکھ اور سیاہی کے ڈھیر دکھائی دیے۔ اس دوران صبح کے اوقات میں ٹریفک دوبارہ معمول پر آ گئی تھی، لیکن جائے وقوع پر آگ کے نشانات موجود تھے۔ جس رنگ روڈ پر یہ حادثہ پیش آیا، وہ مصر کی راجدھانی قاہرہ کے گرد واقع ہے اور شہر کے مرکز کو آس پاس کے قصبوں اور ان مضافاتی علاقوں سے جوڑتی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران صحرا میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس پورے شہری علاقے کی آبادی 2 سے 3 کروڑ کے درمیان ہے۔
بہرحال، سرکاری افسر نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کے روز حکام نے اس گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، جس پر شبہ ہے کہ شاہراہ پر ایندھن سے بھرے ٹینکر کے حادثہ زدہ ہونے کا سبب بنا۔ یہ حادثہ رنگ روڈ کے شمالی حصے میں واقع گنجان آبادی والے علاقے وراق سے گزرتے ہوئے پیش آیا۔ افسر کے مطابق ڈرائیور نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ مختلف لین کے درمیان تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، اسی دوران اس کی گاڑی ٹینکر کے پچھلے دائیں حصے سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد اس کی گاڑی بے قابو ہو گئی اور دائیں جانب کافی دور تک نکل گئی، اسی دوران ایندھن کے ٹرک کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔
افسر کے بیان کے مطابق اس ٹکر کے سبب ایندھن سے بھرا ٹینکر شاہراہ کی کنکریٹ کی دیوار سے جا ٹکرایا اور الٹ گیا۔ اس کے بعد ایندھن سڑک پر پھیل گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس آگ میں 27 گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں اور 25 افراد زخمی ہوئے۔ سرکاری اٹارنی جنرل کے دفتر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
ایک مائیکرو بس ڈرائیور احمد نے اس حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر ممکنہ طور پر وہ لوگ تھے جو کام سے واپس گھر جا رہے تھے، یا طلبا تھے جو اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کے کئی گھنٹے بعد تک زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں لایا جاتا رہا۔ ان کے اہل خانہ صدمے اور غم کی حالت میں اسپتالوں کے باہر جمع تھے۔ احمد نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھیڑ کے اوقات میں اس طرح کے ٹرک کو رنگ روڈ پر آنے کی اجازت کیوں دی گئی؟ اس حادثے کے لیے کس کو سزا دی جائے گی؟‘‘
قابل ذکر ہے کہ مصر میں ہر سال ٹریفک کے جان لیوا حادثات میں ہزاروں افراد اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔ ملک میں سڑکوں پر تحفظ کا ریکارڈ انتہائی خراب ہے۔ بیشتر حادثات کی بنیادی وجوہات تیز رفتاری، سڑکوں کی خراب حالت اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں کوتاہی ہیں۔ جنوری میں بھی جنوبی صوبے بنی سویف کے قریب ایک سڑک پر کئی گاڑیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا تھا، جس میں 21 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے تھے۔
