پاکستان سفر پر گئے پنجاب کے 3 سکھ زائرین لاپتہ، دہلی سکھ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے جانچ کا کیا مطالبہ
ہرمیت سنگھ کالکا نے سکھ زائرین کے لاپتہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی طے کرنا قبل از وقت ہوگا کہ زائرین اپنی مرضی سے گروپ سے الگ ہوئے ہیں یا ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔

گرو نانک دیو کی 557ویں جینتی کے موقع پر تاریخی سکھ مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے پاکستان گئے پنجاب کے 3 سکھ زائرین لاپتہ ہو گئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی (ڈی ایس جی ایم سی) نے پاکستانی حکام سے اس معاملے کی فوری تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاپتہ سکھ زائرین کی شناخت جالندھر کے بکر سنگھ، ترنتارن کے بکرم جیت سنگھ اور امرتسر کے ہرپریت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
25 نومبر کو پاکستان میں سکھ یاتریوں کا ایک بڑا گروپ ننکانہ صاحب (گرو نانک دیو کی جائے پیدائش پر واقع گردوارہ) سے حسن ابدال کے گردوارہ پنجہ صاحب جا رہا تھا۔ اس سفر کے دوران 3 زائرین اپنے باقی گروپ سے الگ ہو گئے یا راستہ بھٹک گئے۔ اب تک ان کے بارے میں کوئی خبر یا اطلاع نہیں ملی ہے کہ وہ کہاں ہیں۔
ڈی ایس جی ایم سی کے صدر ہرمیت سنگھ کالکا نے ان کے لاپتہ ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ طے کرنا قبل از وقت ہوگا کہ زائرین اپنی مرضی سے گروپ سے الگ ہوئے ہیں یا ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔ کالکا نے کہا کہ ’’جب تک ہمیں ان کے ٹھکانے کے بارے میں واضح معلومات نہیں مل جاتیں، تب تک یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ حالانکہ اس سے قبل بھی ایسے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں، جن میں بعد میں پتہ چلا کہ لوگ اپنی مرضی سے ہی زائرین کے گروپ سے الگ ہو گئے تھے۔‘‘ ہرمیت سنگھ کالکا کا کہنا ہے کہ ’’جب اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں تو پورے سکھ طبقہ اور گردوارہ مینجمنٹ کمیٹیوں کو اس کے نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔ حکومتیں اکثر سبھی کو ایک ہی نظر سے دیکھتی ہیں، جس سے حقیقی زائرین کے لیے مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو جی کی جینتی منانے کے لیے منعقدہ مذہبی تقریبات میں شرکت کی غرض سے مجموعی طور پر 2339 سکھ زائرین اٹاری-واگھہ سرحد کے راستے پاکستان گئے تھے۔ اس وفد میں اکال تخت کے جتھیدار گیانی کلدیپ سنگھ گرگج بھی شامل تھے۔ زائرین کے لاپتہ ہونے کا تازہ واقعہ نومبر 2025 میں پنجاب کے کپورتھلہ ضلع کی رہنے والی سربجیت کور معاملہ کے ایک سال بعد سامنے آیا ہے، جب وہ سکھ زائرین کے جتھہ کے ساتھ ہندوستان واپس نہیں لوٹی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
